عید الاضحی پر ریکارڈ تعداد میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں خدمت خلق فاؤنڈیشن کو عطیہ کرنے پر رابطہ کمیٹی کا عوام سے اظہارِ تشکر
عوام الناس کی جانب سے چرم قربانی خدمت خلق فاؤنڈیشن کو عطیہ کرنا ان کا ادارے پر اعتماد کا مظہر ہے، رابطہ کمیٹی
کراچی:۔۔۔19؍اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عیدالاضحی کے موقع پرریکارڈتوڑتعدادمیں چرم قربانی خدمت خلق فاوئنڈیشن کوعطیہ کرنے پرحق پرست عوام سے اظہارِتشکرکرتے ہوئے کہاکہ عوام نے قربانی کے جانوروں کی کھالیں خدمت خلق فاؤنڈیشن کوعطیہ کرکے قائد تحریک الطاف حسین اور خدمت خلق فاؤنڈیشن پراپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ایک تہنیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن واحد ہے جو اپنے قیام کے اولین دنوں سے ہی قدرتی آفات ،سانحات اور حادثات کے مواقع پربلاامتیازرنگ ونسل دکھی انسانیت کی عملی خدمت میں پیش پیش رہا ہے جس کی بے مثال عوامی خدمات سے مخالفین بھی انکارنہیں کرسکتے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قدرتی آفات، سانحات اور حادثات کے موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکار، میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان سالہ سال دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمہ تن مصروف ہے ہیں اورجس کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی عوام نے جوش وجذبے کا مظاہرہ کرکے نہ صرف قربانی کی کھالیں خدمت خلق فاؤنڈیشن کو عطیہ کیں بلکہ قربانی کے جانور کی کھالیں خدمت خلق فاؤنڈیشن میں ازخود جاکر جمع کرائی ہیں جو ان کااس ادارے پر اعتماد کاکھلا مظہر ہے۔رابطہ کمیٹی نے کٹھن اور مشکل حالات میں تحریکی ساتھیوں بالخصوص ماؤں بہنوں، اور بزرگوں کو قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین اورشاباش دی جو خلق خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی عید کی خوشیاں قربان کرکے تینوں دن محنت ولگن اور ثابت قدمی سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے میں مصروف عمل رہیں۔ رابطہ کمیٹی نے چرم قربانی خدمت خلق فاؤندیشن میں عطیہ کرنے پر ایک بار پھرعوام کا شکریہ ادا کیا۔