ڈی آئی خان کی تحصیل کولاچی میں صوبائی وزیر قانون اسرارگنڈا پور کے گھر خود کش بم دھماکہ پر الطاف حسین کااظہار مذمت
عید الاضحی کے دن دہشت گردوں کی جانب سے خود کش بم دھماکہ کی کارروائی کرکے بے گناہ افراد کو خاک وخون میں نہلانے
کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، الطاف حسین
خود کش بم دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت ، اسرار گنڈاپور، ان کے بھائی اوردرجنوں افراد کے شدید زخمی ہونے پر الطاف حسین کااظہار افسوس
دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور قرار واقعی سزا دی جائے ، الطاف حسین
لندن۔۔۔16، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ڈی آئی خان کی تحصیل کولاچی میں صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈا پور پر خود کش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش حملے کے نتیجے میں متعدد افراد کی شہادت اور صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈا پور ، ان کے بھائی اور درجنوں افراد کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے دن پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی ؑ کی ادائیگی میں مصروف ہیں اور اس دن ڈی آئی جی خان کی تحصیل کولاچی میں دہشت گردوں کی جانب سے خود کش بم دھماکہ کرکے بے گناہ افراد کو خاک و خون میں نہلانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کے موقع پر صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈا پور لوگوں سے عید مل رہے تھے اور خوشیاں بانٹ رہے تھے اور ایسے موقع پر خود کش بم دھماکہ کی کاروائی میں ملوث دہشت گرد کسی قسم کی رعایت کے لائق نہیں اور قانون کی سخت گرفت کے مستحق ہیں۔ انہوں نے خود کش بم دھماکے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکیا اور شہداء کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور بم دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈا پور سمیت دیگر زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی خان کی تحصیل کولاچی میں خود کش بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔