وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ
کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی نگرانی کیلئے جس مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا وہ فی الفور عمل میں لائی جائے گی، چوہدری نثار علی خان کی ڈاکٹر فاروق ستار کو یقین دہانی
آپریشن کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کیلئے عید الاضحی کے فوراً بعد کراچی آؤنگا، چوہدری نثار علی خان
ڈاکٹر فاروق ستار نے چوہدری نثار کو ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 3کارکنان کو گرفتار کرنے کے بعد لاپتہ کئے جانے اور دیگر ناانصافی کے واقعات سے آگاہ کیا
اغواء، ناانصافی، زیادتی اور اس قسم کے دیگر واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا ، چوہدری نثار علی خان کی ڈاکٹر فاروق ستار کو یقین دہانی
حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے تمام حکومتی وسائل بروئے لائے گی، چوہدری نثار علی خان
کراچی ۔۔۔15، اکتوبر2013ء
قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار کی آج کراچی یئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔ چوہدری نثار نے ڈاکٹر فاروق ستار سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عید الاضحی کے فوراً بعد کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی نگرانی کیلئے جس مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا وہ فی الفور عمل میں لائی جائے گی تاکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ہونے والی ناانصافی اور جانبدارانہ رویئے کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے ۔ چوہدری نثار نے مزید کہا کہ وہ کراچی میں آپریشن کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کیلئے عید الاضحی کے فوراً بعد کراچی آئیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے چوہدری نثار کو ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایم کیوایم 3کارکنان کو گرفتار کرنے کے بعد لاپتہ کئے جانے کے واقعہ سے آگاہ کیا اور اس پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا جس پر چوہدری نثار نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اغواء، ناانصافی، زیادتی اور اس قسم کے دیگر واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا اور حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے تمام حکومتی وسائل بروئے لائے گی ۔