الآصف اسکوائر کے قریب نجی نیوز چینل گاڑی پر مسلح ملزمان کے حملے ، گاڑی کو اغواء کرنے اور بہیمانہ تشدد سے ڈرائیور کی ہلاکت پر جناب الطاف حسین کا ااظہار مذمت
نجی نیوز چینل کی گاڑی پر حملہ ، اغواء اور تشدد کا واقعہ کھلی دہشت گردی اور آزادی صحافت پر حملہ ہے ، الطاف حسین
مسلح ملزمان کے تشدد سے ڈرائیور کے جاں بحق ہونے پر سوگوار لواحقین اور نیوز چینل کے عملے سے اظہار تعزیت
واقعہ میں ملوث اصل ملزمان کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور اغواء کی گئی گاڑی بازیاب کرائی جائے ،الطاف حسین
کراچی ۔۔۔14، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے الآصف اسکوائر کے قریب ڈنڈو ں اور سریوں سے لیس ملزمان کی جانب سے نجی نیوز چینل کی گاڑی پر حملے ، اسے اغواء کرنے ، عملے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور ملزمان کے تشدد سے ڈرائیور گل شیر خان کے جاں بحق ہوجانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو کھلی دہشت گردی اورآزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے ۔اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ شہر میں قانون نافذ کرنیو الے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے تاہم اس کے باوجود ملزمان کھلے عام کارروائیاں کررہے ہیں جس کے سبب شہریوں ، صحافیوں ، تاجروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان و مال عدم تحفظ کا شکار بن کر رہ گئی ہے ۔ انہوں نے ملزمان کے بہیمانہ تشدد سے ہلاک ہونے والے نجی نیوز چینل کے ڈرائیور گل شیر خان کے سوگوار لواحقین اور نیوز چینل کے عملے سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی ۔جناب الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ الآصف اسکوائر کے قریب نجی نیوز چینل کی گاڑی پر حملے ، اسے اغواء کرنے اور تشدد سے ڈرائیور کو ہلاک کرنے میں ملوث اصل ملزمان کو فی الفور گرفتار کیاجائے ،نیوز کی اغواء کی گئی گاڑی کوجلد بازیاب کرایاجائے اور آزادی صحافت پر قدغن لگانے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ۔