لانڈھی مظفر آباد کالونی میں مقامی میڈیکل سینٹر پر دستی بم حملے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
شہر کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھر پور ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود شہر میں دستی بم حملے ہونا ان کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان پیدا کررہا ہے
خاتون کے جاں بحق اور معصوم بچوں سمیت 6 افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
رکن سندھ اسمبلی سید وقار حسین شاہ کا جناح اسپتال کراچی کا دورہ اور دستی بم حملے کے زخمیوں کی عیادت کی
کراچی۔۔۔13اکتوبر 2013
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں اولڈ مظفر آباد کالونی میں مقامی میڈیکل سینٹرپر دستی بم حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں ایک خاتون کے جاں بحق اور معصوم بچوں سمیت 6 افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے کو شہر کا امن خراب کرنے کی ساز ش قرار دیا ہے۔ ایک بیان رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھر پور ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجودشہر میں دستی بم حملے ہوناان کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان پیدا کررہاہے۔رابطہ کمیٹی نے جاں بحق ہونے والی خاتون کے سو گوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمددری کا اظہار کر تے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفرد وس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ میڈیکل سینٹر پر دستی بم حملے کا نوٹس لیا جائے اوراس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتارکرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
علاوہ ازیں واقع کی اطلاع ملتے ہی حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید وقار حسین شاہ نے جناح اہسپتال کراچی کا دورہ کیا اوردستی بم کے حملے میں زخمیوں کی عیادت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔