ملالہ یوسف زئی کوامن کے نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنا ہی ایک ایک پاکستانی کیلئے باعث فخر ہے، الطاف حسین
ملالہ نے پاکستان کے گھٹن زدہ ماحول میں علم کی شمع روشن کرکے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان انتہاء پسندوں کا نہیں بلکہ امن پسندوں کا ملک ہے۔ تعلیم یافتہ قوم اور تعلیم یافتہ پاکستان ہی ہمارے سیاسی ، معاشی ، سماجی اور دیگر مسائل کا حل ہے
لندن۔۔۔11، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کو امن کے نوبیل انعام کیلئے نامزد کرنا ہی پاکستان کیلئے خوشی اور فخر کی بات ہے اورہمت وجرات کے پیکرملالہ یوسف زئی پر پوری قوم کوفخر ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی نے کمسنی کے باوجود خوف ودہشت کے ماحول اور انتہائی کڑے وقت میں حصول علم کی جدوجہد جاری رکھی اور اس جدوجہد میں ہمت وجرات کی روشن مثال قائم کی۔ ملالہ یوسف زئی نے عزم وہمت، ثابت قدمی اور جرات کا پیکر بن کر وہ مثال قائم کی ہے جو رہتی دنیا تک ظلم وجبر کے ماحول میں حصول علم کی خواہش رکھنے والے طلباوطالبات کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی نے جس طرح خوف ودہشت کے ماحول میں بھی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اس پر پوری قوم، ملالہ یوسف زئی کیلئے دعا گو ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام نہ ملنے پر قوم مایوس نہیں کیونکہ امن کے نوبیل انعام کیلئے ایک پاکستانی کو نامزد کرناہی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان انتہاء پسندوں کا نہیں بلکہ امن پسندوں کا ملک ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تعلیم یافتہ قوم اور تعلیم یافتہ پاکستان ہی ہمارے سیاسی ، معاشی ، سماجی اور دیگر مسائل کا حل ہے لہٰذا ایک ایک پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ نہ صرف خود زیورتعلیم سے آراستہ ہو بلکہ اپنے بچوں کو بھی حصول علم کی ترغیب دے ۔