دہشت گردوں کی جانب سے منگھوپیر میں بارودی مواد منتقل کرنے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تشویش
تحقیقات کرائی جائے کہ ایک ایسے وقت میں جب شہر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم ہیں، دہشت گرد کس طرح بھاری مقدار میں بارودی مواد منتقل کرنے میں کامیاب ہوئے
کراچی: ۔۔۔10، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی جانب سے منگھو پیر کے علاقے میں موٹرسائیکلوں پربارودی مواد منگھوپیر منتقل کرنے پر اظہار تشویس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائے کہ ایک ایسے وقت میں جب شہر میں دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصرکے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جارہا ہے اور شہرمیں جگہ جگہ قانون نافذکرنیوالے اہلکاروں کی چیک پوسٹں قائم ہیں دہشت گرد کس طرح بھاری مقدار میں بارودی مواد موٹر سائیکلوں پر منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سرعام کراچی کے معصوم شہریوں،پولیس اہلکاروں کودہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے اور اس کا کرم ہے کہ بارودی مواد راستے میں ہی پھٹ گیا اور دہشت گرداپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے بصورت دیگر کراچی بڑی تباہی کاشکارہوجاتاجس میں سینکڑوں جانیں جانے کا اندیشہ تھا۔ رابطہ کمیٹی نے صدرمملکت ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے کہ شہرمیں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی موجودگی میں دہشت گردکس طرح بھاری مقدار میں بارودی مواد منتقل کرپائے