حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں چنگ چی رکشوں پر پابندی پر حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کا اظہار تشویش
پیٹرولیم مصنوعات میں آئے روز ہونیوالے ہوش رباء اضافے سے پہلے ہی بسوں اور ویگنوں کے کرائے آسمان سے باتیں کررہے ہیں
چنگ چی رکشوں پر پابندی لگا کر کراچی کے شہریوں کو سستی سواری سے محروم کیا جا رہا ہے
چنگ چی رکشوں پر پابندی ختم کی جائے، تمام گرفتار ڈرائیوں اور ضبط شدہ رکشوں کو چھوڑ کر انہیں لنک روڈ تک محدود کردیا جائے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
کراچی:۔۔۔10، اکتوبر2013ء
حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں چنگ چی رکشوں پرپابندی لگا کر ڈرائیوروں کو گرفتار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ چنگ چی رکشوں پر یکسر پابندی لگانا مناسب نہیں، اچانک پابندی سے شہریوں کو دوران سفر شدید پریشان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک بیان میں حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں چنگ چی رکشاؤں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور شہریوں کو سستی سواری میسرآئی ہے تاہم حکومت کی جانب سے چنگ چی رکشاؤں پر اچانک پابندی اورہزاروں رکشہ ضبط کرکے ڈرائیوں کو گرفتارکرنے سے شہریوں کو دوران سفر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ چنگ چی رکشوں کوقانون کے دائرے میں لاتے ہوئے چنگ چی رکشہ کیلئے قوانین بنائے جائیں اورانہیں مین شاہراہوں کے بجائے لنک روڈتک محدودکیاجائے تاکہ ایک طرف ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا نہ ہو اور تو دوسری طرف شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسا میگا سٹی جہاں سفری سہولیات نہ ہونے برابر ہیں جبکہ اس سلسلے میں سابق حق پرست قیادت نے کراچی میں گرین بس سروس اورکراچی ماس ٹرانزٹ پروگرام ترتیب دیا تھا جواس وقت حکمرانوں نے منظورکرنے بجائے اسے کراچی دشمنی کی نظرکردیا۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات میںآئے روزہونیوالے ہوش ر باء اضافے سے پہلے ہی بسوں اورویگنوں کے کرائے آسمان سے باتیں کررہے ہیں جوعام آدمی کی دسترس سے باہرہوتے جارہے ہیں ایسے حالات میں چنگ چی رکشوں پر پابندی لگا کر کراچی کے شہریوں کوسستی سوارسے محروم کیا جارہا ہے۔۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ چنگ چی رکشوں کیلئے باقاعدہ رکشہ اسٹنڈ بھی بنائیں جائیں تاکہ صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوتا ہے اور شہریوں کوپریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں رکشہ پر یکساں پابندی عائد کرنے سے نہ صرف بے روزگار ی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہری ایک سستے سفری سہولت سے بھی محروم ہوجائیں گے۔حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں چنگ چی رکشوں پرپابندی ختم کی جائے، تمام گرفتار ڈرائیوں اور ضبط شدہ رکشوں کو چھوڑ کر انہیں لنک روڈ تک محدود کردیا جائے۔