نارتھ کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او عرفان حیدر نقوی اور انویسٹی گیشن آفیسر شہباز کے قتل پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود قتل و غارتگری اور دیگر جرائم کی وارداتیں لمحہ فکریہ ہیں
جاں بحق پولیس اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
گورنرسندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ پولیس اہلکاروں کے قتل کا نوٹس لیں اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں، رابطہ کمیٹی
کراچی:۔۔۔9؍ اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نارتھ کراچی کے علاقے انڈاموڑپرمسلح دہشت گردوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں سرسید ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او عرفان حیدرنقوی اورانویسٹی گیشن آفسیر شہباز کوہلاک کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں تسلسل کے ساتھ پولیس افسران واہلکاروں سمیت عام شہریوں کے قتل کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں ایک ایسے وقت میں جب کراچی میں قانون نافذکرنیو الے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گردوں کی جانب سے آزادانہ پولیس اہلکاروں اورشہریوں کے قتل اور دیگرجرائم کی وارداتیں لمحہ فکریہ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونیوالے ایس ایچ اواورپولیس ااہلکاروں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیااوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کواپنی جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔رابطہ کمیٹی نے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ نارتھ کراچی انڈا موڑ پر ایس ایچ اوعرفان حیدر نقوی اور انویسٹی گیشن آفسیر شہباز کے قتل کاسختی سے نوٹس لیاجائے اور دہشت گردی کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔