ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی نے بلوچستان آواران کے زلزلہ میں شدید زخمی ہونے والے افراد کی جناح اسپتال کراچی جاکر عیادت کی
یوسف شاہوانی اور اشفاق منگی نے جناب الطاف حسین کی جانب سے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے دلی ہمدردی کاا ظہار کیا
کراچی ۔۔۔7، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی نے بلوچستان آواران میں آنیوالے زلزلے کے نتیجے میں شدید زخمی افراد کی جناح اسپتال کراچی جاکر عیادت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے ان کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے زلزلہ سے زخمی افراد سے جانی ومالی نقصانات کی تفصیلات معلوم کی اور ان سے دلی ہمدردی کااظہار کیا۔یوسف شاہوانی نے اسپتال کے عملے کو زلزلہ کے زخمیوں کے علاج و معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر آواران زلزلہ کے زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف شاہوانی نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین بلوچستان میں آنے والے زلزلہ متاثرین کیلئے فکر مند ہیں اور انہوں نے سب سے پہلے اپنے بلوچ بھائیوں کیلئے کراچی سے امدادی سامان ، ادویات اور غذائی اجناس پر مشتمل ٹرک روانہ کئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن زلزلہ سے متاثرہ اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہے اور متاثرین کے دکھ ، درد اور غم میں برابر کا شریک ہے۔