پشاور بڈھ بیر کے علاقے سلیمان خیل میں اسپتال کے قریب بم دھماکہ اور فائرنگ کے واقعہ پر جناب الطاف حسین کااظہار مذمت
پولیو مہم کی تقریب کے قریب دھماکہ اور فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دکھ کا مقام ہے ، الطاف حسین
جناب الطاف حسین کا دھماکہ اور فائرنگ کے واقعہ میں پولیس اہلکاروں کے شہید اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
لندن۔۔۔7، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور بڈھ بیر کے علاقے سلیمان خیل میں اسپتال کے قریب بم دھماکہ اور فائرنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے مذموم واقعہ میں دو پولیس اہلکاروں کے شہید اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک اور دکھ کا مقام ہے کہ سلیمان خیل میں اس اسپتال کے قریب بم دھماکہ اور فائرنگ کی گئی جہاں پولیو مہم کے حوالے سے تقریب جاری تھی اور دہشت گردی کی اس کاروائی میں ملوث سفاک دہشت گرد سخت سے سخت سزا کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکہ اور فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے سوگوار لواحقین ، پولیس کے سپاہیوں اور افسران سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کے بلند درجات ، سوگواران کیلئے صبرجمیل اور زخمی افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی اور صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ سے مطالبہ کیا کہ پشاور بڈھ بیر کے علاقے سلیمان خیل میں اس اسپتال کے قریب جہاں پولیو مہم کی تقریب جاری تھی بم دھماکہ اور فائرنگ کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، پشاور میں تسلسل کے ساتھ بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مثبت اور ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور دہشت گردی کے اس مذموم واقعہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے