پی ٹی وی کراچی مرکز کے مہاجرملازمین کو تعصب کا نشانہ بنانے کاسلسلہ بند کرایا جائے،خواجہ اظہارالحسن
پی ٹی وی کراچی کے سینئرنیوز ایڈیٹر اور پی ٹی وی اسلام آباد کے سربراہ کی ایماء پر آئی جی سندھ کی تبدیلی کی غلط خبرنشرکی گئی
غلط خبر کی ذمہ داری پی ٹی وی کراچی مرکز کے پروڈیوسرز اور نیوز اسٹاف پر ڈال کرانہیں چارج شیٹ کردیا گیا
وزیراعظم اوروفاقی وزیراطلاعات پی ٹی وی اسلام آباد اورکراچی مرکز کے افسران کے متعصبانہ اقدامات کا فوری نوٹس لیں
کراچی ۔۔۔5،اکتوبر2013ء
سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر آئی جی سندھ کی تبدیلی کی غلط خبرکاملبہ پی ٹی وی کراچی مرکز کے بے گناہ پروڈیوسرز اور نیوز اسٹاف پر ڈالنے اورانہیں تعصب کا نشانہ بنانے کی اطلاعات پر گہری تشویش کااظہار کیاہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اخباری اطلاعات کے مطابق پی ٹی وی کراچی کے سینئرنیوز ایڈیٹر اور پی ٹی وی اسلام آباد کے سربراہ کی ایماء پر آئی جی سندھ کی تبدیلی کی غلط خبرنشرکی گئی تھی لیکن اس کی ذمہ داری غلطی کے مرتکب اصل ذمہ داران پر ڈالنے کے بجائے پی ٹی وی کراچی مرکز کے پروڈیوسرز اور نیوز اسٹاف پر ڈال کرانہیں چارج شیٹ کردیا گیا ہے جس کے باعث ادارے کے مہاجرملازمین میں گہری تشویش اور غم وغصہ پایاجاتا ہے۔خواجہ اظہارالحسن نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی وی اسلام آباد اورکراچی مرکز کے افسران کے متعصبانہ اقدامات کا فوری نوٹس لیاجائے ،پی ٹی وی کراچی مرکز کے مہاجرملازمین کو تعصب کا نشانہ بنانے کاسلسلہ بند کرایا جائے اورادارے کے ملازمین کو انصاف فراہم کیاجائے ۔