جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے این ای ڈی یونیورسٹی کی بس میں یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات سے لوٹ مارکے واقعہ پر ایم کیوایم کے رہنمااورسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری کااظہار مذمت
کراچی کے عام شہریوں کوتنگ کر نے کیلئے ٹیلی فونک رابطوں کے ذرائع اورسوشل میڈیاکے استعمال پرپابندی لگائی جارہی ہے
ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر سیاسی کارکنوں اوردیگرمعصوم وبے گناہ افرادکوتوگرفتارکیاجارہاہے جبکہ اصل جرائم پیشہ عناصر کوکھلی چھوٹ حاصل ہے
جرائم پیشہ عناصر بھتے وصول کررہے ہیں اوربھتہ دینے سے انکارکرنے والوں کوگولیوں اوردستی بموں سے دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں
شہرمیں پوری پوری بسوں کو لوٹا جارہا ہے ۔ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی بدستورجاری ہیں۔فیصل سبزواری
حکومت کوچاہیے کہ ایم کیوایم کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کے بجائے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے
کراچی۔۔۔۔4اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمااورسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے ناظم آباد کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے این ای ڈی یونیورسٹی کی بس میں گن پوائنٹ پر یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات سے لوٹ مار اور دستاویز ات چھیننے کے واقعہ کی پرزورمذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ ماہ بھی بنارس پل کے قریب اسی طرح کراچی یونیورسٹی کے طلبہ کی بس میں بھی طلبہ وطالبات کے ساتھ لوٹ مار کا واقعہ پیش آچکا ہے اور آج این ای ڈی کے طلبہ وطالبات کی بس کو لوٹ لیا گیا ہے ۔جرائم پیشہ عناصر نے طلبہ وطالبات سے موبائل فون،رقوم ،دستاویزات اوردیگراشیاء لوٹ لیں ۔فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں ایک طرف توٹارگٹڈآریشن کے نام پر سیاسی کارکنوں اوردیگرمعصوم وبے گناہ افرادکوتوگرفتارکیاجارہاہے اور سرکاری حراست میں انہیں تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے، حتیٰ کہ کراچی کے عام شہریوں کوتنگ کر نے کیلئے ٹیلی فونک رابطوں کے ذرائع اورسوشل میڈیاکے استعمال پرپابندی لگائی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب اصل جرائم پیشہ عناصر کوکھلی چھوٹ حاصل ہے اوروہ کھلے عام تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں، ڈاکٹروں، طلبہ وطالبات اورمخیرحضرات اور عام شہریوں کوسرعام لوٹ رہے ہیں، بھتے وصول کررہے ہیں اوربھتہ دینے سے انکارکرنے والوں کو گولیوں اوردستی بموں سے اپنی دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں، دوروزقبل بھی جرائم پیشہ عناصر نے بھتہ دینے سے انکار کرنے پر گلستان جوہر کے علاقے میں ایک ڈاکٹر کی کلینک پردستی بم مارا اور آج فرنٹیئر کالونی میں ایک بینک مینیجر کے گھر پر بم سے حملہ کیا گیا، شہر میں پوری پوری بسوں کو لوٹا جارہا ہے۔ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی بدستورجاری ہیں مگرحکومت ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ایم کیوایم کے کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ فیصل سبزواری نے کہاکہ حکومت کوچاہیے کہ ایم کیوایم کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کے بجائے طلبہ و طالبات سے لوٹ مار اور شہر میں تاجروں ، صنعتکاروں، ڈاکٹروں اورعام شہریوں سے بھتے وصول کرنے والے، انہیں بموں سے دہشت گردی کانشانہ بنانے والے اور اغوابرائے تاوان کی وارداتیں کرنیوالے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے ۔