چمن میں پاک افغان کسٹم ہاؤس میں بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت
ملک میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث دہشت گرد سخت گرفت اور سزا کے مستحق ہیں ، الطاف حسین
الطاف حسین نے دھماکے میں شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا کی
کراچی ۔۔۔2، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے چمن میں پاک افغان کسٹم ہاؤس میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد بے گناہ افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث دہشت گرد سخت گرفت اور سزا کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بم دھماکوں کی سفاکانہ کاروائیاں کرکے بلاتفریق معصوم و بے گناہ عوام کو تواتر کے ساتھ خاک و خون میں نہلانے کے عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور ان مذموم کاروائیوں میں ملوث درندہ صفت دہشت گرد کسی رعایت اور ہمدردی کے مستحق نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور بم دھماکے کے زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ چمن میں پاک افغان کسٹم ہاؤس میں بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔