پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے، ڈاکٹر فاروق ستار
غریب عوام پہلے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کے لئے روزمرہ کی اشیاء کا حصول مشکل ہوچکا ہے
پیٹرولیم کی مصنوعات میں حالیہ اضافہ کے اثرات براہ راست غریب عوام پر مرتب ہوں گے
کراچی ۔۔۔30ستمبر2013ء
قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام پہلے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کے لئے روزمرہ کی اشیاء کا حصول مشکل ہوچکا ہے۔ غریب، مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث غریب عوام نہ صرف اپنے بچوں سمیت خودکشی کرنے پر مجبور ہیں بلکہ اپنے بچوں کو بھی فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور پیٹرولیم کی مصنوعات میں حالیہ اضافہ کے اثرات براہ راست غریب عوام پر مرتب ہوں گے، اضافہ سے ٹرانسپورٹ کے کرائے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا جس کے باعث غریب عوام کیلئے زندہ رہنا مشکل ہوجائے گا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور ملک بھر کے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔