ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
بجلی سمیت عوام کے بنیادی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی پالیسی ترک کرکے عوام کو سبسڈی فراہم کی جائے
آئی ایم ایف کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے کا عمل غلط ہے
بجلی کی قیمتوں میں اضافہ معاشی بدحالی کا شکار عوام کی مشکلات میں اضافہ کا سبب بنے گا۔ رابطہ کمیٹی
ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔30، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے اور مہنگائی اور بیروزگاری کے دورمیں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو عوام کیلئے پریشان کن قرار دیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے مررہے ہیں ، بیروزگاری عروج پر ہے،قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ایسے میں ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت عوام کوریلیف دینے اورمہنگائی ،بیروزگاری اورمعاشی بدحالی سے نجات دلانے کیلئے مثبت اقدامات کرتی لیکن موجودہ حکومت نے بھی ماضی کی حکومتوں کی پالیسی برقراررکھتے ہوئے آئی ایم ایف کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے بجلی سمیت دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کاراستہ اختیارکیاہے جو افسوسناک ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ معاشی بدحالی کا شکارعوام کی مشکلات میں اضافہ کاسبب بنے گا ۔رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے اوربجلی سمیت عوام کے بنیادی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی پالیسی ترک کرکے اس مد میں عوام کو سبسڈی فراہم کی جائے۔