ایم کیوایم کے ہمدرد سید حسن جواد اور ان کے ڈرائیور کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی
ایک مخصوص طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کا عمل کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔بے گناہ شہریوں کے سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے
لندن۔۔۔30، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی نے نارتھ کراچی میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے ہمدرد سید حسن جواد اور ان کے ڈرائیور کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور قتل کی واردات کو شہرمیں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کا حصہ قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس سے قبل سید حسن جواد کے بڑے بھائی انجینئر علی حیدر کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید کیا جاچکا ہے اورآج ایم کیوایم کے ہمدرد سید حسن جواد اوران کے ڈرائیور کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کا عمل کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سید حسن جواد اور ان کے ڈرائیورکے قتل کا فوری نوٹس لیا جائے اوربے گناہ شہریوں کے سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔ رابطہ کمیٹی نے سید حسن جواد شہید اور ان کے شہیدڈرائیورکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)