سینیٹ میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر بابر خان غوری وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک اورڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو سے فون پر رابطہ
بلوچستان میں زلزلہ سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
الطاف حسین کی ہدایات پر خدمت خلق فاؤنڈیشن نے متاثرین زلزلہ کیلئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے، بابر غوری
خشک اجناس، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی پہلی کھیپ چند گھنٹوں میں حکومت بلوچستان کے حوالہ کردی جائے گی، بابر غوری
وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک نے جذبہ انسانیت کے اس مظاہرے پر الطاف حسین اور ایم کیوایم سے دلی تشکر کا اظہار کیا
لندن۔۔۔24، ستمبر2013ء
سینیٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر سینیٹربابر خان غوری نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک اورڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو کو فون کرکے بلوچستان میں زلزلہ سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔ بابرغوری نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی جانب سے ہمدردی اور خیرسگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کے تمام کارکنان ہمدرد مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین زلزلہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر مالک کو بتایا کہ جناب الطاف حسین کی ہدایات پر خدمت خلق فاؤنڈیشن نے متاثرین زلزلہ کیلئے وسیع پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور خشک اجناس، ادویات اوردیگر ضروری اشیاء کی پہلی کھیپ چند گھنٹوں میں حکومت بلوچستان کے حوالہ کردی جائے گی۔ ڈاکٹرعبد المالک نے جذبہ انسانیت کے اس مظاہرے پر جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم سے دلی تشکرکااظہارکیا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ان دنوں لندن کے دورے پر ہیں۔ دریں اثناء سینیٹر بابر غوری نے ڈپٹی اسپیکر بلوچستا ن اسمبلی سے رابطہ کرکے صوبہ میں زلزلہ سے ہونے والی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کی مدد کیلئے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔