ڈیفنس کلفٹن ریذیڈنٹس کمیٹی کے زیرا ہتمام مشاعرہ، سرشار صدیقی، محمود شام، عظیم راہی، فیروز برہان پوری، اور دیگر شعراء کے تازہ کلام نے سامعین کے دل موہ لئے
مشاعرے میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی کی شرکت
مشاعرے مثبت ذہنی اور اخلاقی کشادگی کا سبب بنتے ہیں، احمد سلیم صدیقی
کراچی ۔۔۔23، دسمبر2013ء
ڈیفنس کلفٹن ریذیڈینٹس کمیٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز ڈی سی آرسی کے انچارج کیپٹن (ر) ہاشم غازی کی رہائش گا پر مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت سرشار صدیقی نے کی جبکہ مہمان خصوصی محمود شام تھے۔ مشاعرہ میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی، ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن غازی صلاح الدین اور ڈیفنس کلفٹن کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مشاعرے میں سر شار صدیقی ، محمود شام ، سعید آغا، عظیم راہی، فیروز برہان پوری، پروفیسر ضیاء شاہد، ناصر انجم، سلیم عکاس اور پروفیسر صفدر علی خان نے تازہ کلام پیش کئے جس نے سامعین کے دل موہ لئے۔ مشاعرے میں شعراء کرام اور سامعین سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہاکہ مشاعروں کا نعقاد قومی زبان اردو کی ترویج کا اہم ذریعہ ہے اور آج کے دور میں مشاعرے مثبت ذہنی اور اخلاقی کشادگی کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے مشاعرے کے انعقاد پر ڈیفنس کلفٹن ریذیڈینٹس کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور مشاعرے میں شریک شعرائے کرام کا شکریہ بھی ادا کیا۔