پشاور میں گرجا گھر کے سامنے بم دھماکے پر قائد تحریک الطاف حسین کا اظہار مذمت
ہردردمند دل رکھنے والا پاکستانی ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے
سیاسی ومذہبی جماعتیں اس بزدلانہ حملے کے خلاف مشترکہ احتجاج کرکے غیرمسلموں کو بتادیں کہ پاکستانی عوام ،پاکستان میں بسنے والے اقلیتوں کوبرابر کا شہری سمجھتی ہے
ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف زخمیوں کے علاج کیلئے ازخود اسپتال پہنچیں اور اپنی خدمات پیش کریں
ایم کیوایم کے کارکنان زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیں
لندن۔۔۔22، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے آج صبح خیبرپختونخوا اوردنیا بھر میں مشہور اورانتہائی قدیم قصہ خوانی بازارکے کوہاٹی گیٹ پشاور میں گرجاگھر کے سامنے دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں درجنوں افراد کے ہلاک وزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ مزید افسوس کا مقام ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے تحفظ کی علمبردار بنتی ہے لیکن آج کوہاٹی گیٹ کے سامنے واقع چرچ میں بم دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 25 سے زائد افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد شدید زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ شرمناک بات ہے کہ چرچ میں یہ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب مسیحی برادری چرچ میں ہفتہ وار دعائیہ اجتماع میں مصروف تھے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہردردمند دل رکھنے والے پاکستانی کواس افسوسناک واقعہ اور بے گناہ افراد کی ہلاکتوں پر شدید دکھ پہنچا ہے اور وہ ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ زخمیوں کے علاج ومعالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ، ہلاک ہونے والے غریب عیسائیوں کے لواحقین کو فی الفور مالی معاوضہ دیا جائے جوکہ کسی بھی فرد کی جان کا نعم البدل نہیں ہوسکتا لیکن غریب یتیم بچوں اور بیواؤں کا تھوڑا بہت سہارا ضرور بن سکتا ہے ۔
جناب الطاف حسین نے تمام پاکستانیوں خصوصاً سیاسی ومذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس ظالمانہ اور بزدلانہ حملے کے خلاف مشترکہ احتجاج کرکے پاکستان اور بیرون ملک رہنے والے غیرمسلموں کو بتادیں کہ پاکستانی عوام ،پاکستان میں بسنے والے اقلیتوں کوبرابر کا شہری سمجھتی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔
جناب الطاف حسین نے ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف سے اپیل کی کہ وہ بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کوطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ازخود اسپتال پہنچیں اور اپنی خدمات پیش کریں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بم دھماکے کے متاثرین کے گھرجاکر ان کی دل جوئی کریں اور متاثرین کی ہرممکن مددکریں۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم خیبرپختونخوا کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ پشاور کے گرجاگھر میں بم دھماکے زخمیوں کیلئے خون کے عطیات کی ضرورت پیش آئے تو خون کے عطیات بھی دیں اور ، زخمیوں کی تیمارداری اور خبرگیری میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔