ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی اور سینئر پارلیمینٹرین نبیل گبول کے خلاف قتل کا مقدمہ کھلی سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔ الطاف حسین
چند روز قبل بھی ایم کیوایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی پر اسی طرح پولیس اہلکاروں کے قتل کا جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا تھا مگر انکے خلاف الزام ثابت نہ ہوسکا
نبیل گبول کے خلاف قتل کا مقدمہ واپس لیا جائے، ایم کیوایم کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے
لندن ۔۔۔20 ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی اورسینئرپارلیمینٹرین نبیل گبول کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کئے جانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے کھلی سیاسی انتقامی کارروائی قراردیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ چندروزقبل بھی ایم کیوایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی ندیم ہاشمی پر اسی طرح پولیس اہلکاروں کے قتل کاجھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا تھا مگر ان کے خلاف الزام ثابت نہ ہوسکا۔ آج ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول پر لیاری میں ہونے والے ایک قتل کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے جبکہ وہ گزشتہ کئی روز سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے اسلام آباد میں مقیم ہیں ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس مقدمہ سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ حکومت سندھ ایم کیوایم کے خلا ف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کے خلاف قتل کامقدمہ واپس لیاجائے اورایم کیوایم کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیاجائے۔