شہر میں امن کے لئے سیکیورٹی اداروں کو تمام تر تفرقات اور تعصبات سے باہر آکر آپریشن کرنا ہوگا، حیدر رضوی
موثر اننٹیلیجنس کے نظام کے تحت شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جائے
ملک آج انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور اس کے تمام مسائل کا واحد حل علم کی طاقت میں پوشیدہ ہے
اے پی ایم ایس او کے تحت جامعہ کراچی میں منعقدہ پانچویں کل کراچی اُردو مباحثے سے خطاب
کراچی ۔۔۔ ۱۹ ستمبر ۲۰۱۳ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے حکومت اور سکیورٹی اداروں کو تمام تر تعصبات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہو گا۔طاقت کے مثبت استعمال سے شہر اور ملک میں امن قائم کیا جا سکتا ہے ۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد کی اس مباحثے میں شرکت قابل تحسین بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے تحت جامعہ کراچی میں منعقدہ پانچویں کل کراچی اُردو مباحثے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ علم بہت بڑی طاقت ہے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ حصول علم پر بھر پور توجہ دیں اور دل لگا کر علم حاصل کریں ۔ملک آج انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور اس کے تمام مسائل کا واحد حل علم کی طاقت میں پوشیدہ ہے ۔ انھوں نے کراچی میں امن کے لیے جاری آپریشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے امن کی خواہ ہے لیکن آپریشن کے نام پر کسی خاص جماعت یا طبقے کے افراد کو نشانا بنایا جا رہا ہے ،شہر میں امن کے لئے سیکیورٹی اداروں کو تمام تر تفرقات او ر تعصبات سے سے باہر آکر آپریشن کرنا ہوگا ،معصوم شہریوں کو پریشان کرنے کے بجائے موثر انٹلجنس کا نظام تشکیل دیا جائے اور اسکی رپورٹس کی بنا ء پر شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جائے ۔اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ جامعات کی سنڈیکیٹ کمیٹیز کے اختیارا ت بھی صوبائی حکومت غصب کرنا چاہتی ہے ہم اس اقدام کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے انھوں نے اے پی ایم ایس او کو مباحثے کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی ۔اس موقع پر اے پی ایم ایس ا و کے سیکریٹری نشر و اشاعت سید وقاص علی شاہ، جوائنٹ سیکریٹری عادل خان ، فنانس سیکریٹری امر قائم خانی سمیت اے پی ایم ایس اوکے مرکزی شعبے کے اراکین،جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر، جاپانی سفارتخانے کے نمائندے ہیشو موشی، جامعہ کراچی کے اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مباحثے کی قرارداد طاقت امن کی ضمانت ہے ، کی حمایت میں اپنی رائے دی ،مقابلے میں 30سے زائد جامعات کے 64طلباء نے حصہ لیا ،مباحثے کی صدارت کے فرائض رکن رابطہ کمیٹی سید حیدر عباس رضوی نے سر انجا م دئیے۔ مقابلے میں اوّل آنے والے طالبعلم کو گولڈ، دوئم کو سلور اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو براونز میڈیل دیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندگان کی بڑی تعداد کوریج کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر معروف مقرر فیصل کریم نے قائد ایوان جبکہ عبد اللہ جمال نے قائد حزب اختلا ف کے فرائض انجام دےئے۔ اس موقع پر نوجوانوں نے اے پی ایم ایس ا وکی اس کاوش کو سراہا اور اس قسم کی تقریبات کو خوش آئند قراردیا۔