ایم کیوایم کو اللہ تعالیٰ کی تائید اور عوام کی حمایت حاصل ہے، جب تک اللہ تعالیٰ نہیں چاہے گاایم کیوایم کو امریکہ و برطانیہ سمیت دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ الطاف حسین
ایم کیوایم دشمن قوتیں 35 برسوں سے ہمیں ہر قیمت پر ختم کرنے کی کوششیں کرتی رہیں لیکن ہمارے دشمن ختم ہوتے رہے اور ایم کیوایم مضبوط سے مضبوط تر ہوتی رہی
میرے خلاف امریکی اور برطانوی اخبارات میں من گھڑت اور بے بنیاد رپورٹس شائع ہورہی ہیں، جو عناصر مجھے یہودیوں، امریکہ اور برطانیہ کا ایجنٹ قرار دیا کرتے تھے، اب ان عناصر کو شرم آنی چاہئے
میرے خلاف امریکی اور برطانوی اخبارات میں من گھڑت اور بے بنیاد رپورٹوں کی اشاعت سے ثابت ہوگیا کہ الطاف حسین صرف اللہ تعالیٰ، پاکستان اور اسکے مظلوم عوام کا ایجنٹ ہے
جب سے برطانوی سرزمین پر قدم رکھا ہے، آج تک برطانوی قانون کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی
الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذمہ داران، صحافی اور اینکر پرسنز ایم کیوایم کو غیروں کی جماعت نہ سمجھیں
ایم کیوایم میری جاگیر نہیں بلکہ عوام کی تحریک ہے، عوام اس تحریک کو چلاتے رہیں گے
وہ وقت آئیگا جب سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے عوام الطاف حسین کے پرچم تلے متحد ہونگے
16 ستمبر کی شب نائن زیرو عزیزآباد، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ اور ٹنڈوالہیار میں سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے جمع ہونے والے کارکنان سے ٹیلی فون پر خطاب
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کو اللہ تعالیٰ کی تائیداو رعوام کی حمایت حاصل ہے، جب تک اللہ تعالیٰ نہیں چاہے گاایم کیوایم کو امریکہ وبرطانیہ سمیت دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ انسانی تاریخ میں امن کاراستہ اختیارکرنے والی پرعزم تحریکوں کوطاقت کے ذریعہ وقتی طورپر تو دبایاجاسکاہے لیکن ختم نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے برطانوی قانون کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی ہے ، ہمیشہ ساتھیوں کو صبروتحمل کا درس دیا ہے لیکن میں دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ امن کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔یہ بات انہوں نے 16 ستمبر کی شب نائن زیروعزیزآباد، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ اور ٹنڈوالہیار میں انہیں 60 ویں سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے جمع ہونے والے کارکنان سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جبکہ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں بھی یوکے یونٹ کے کارکنوں کی بڑی تعداد جناب الطا ف حسین کوانکی سالگرہ کی مبارکباد کیلئے موجود تھے۔ اپنے خطاب کے آغاز میں جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرعمران فاروق شہیدکوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج شہید انقلاب ڈاکٹرعمران فاروق کی تیسری برسی ہے اور اس سلسلے میں دنیا بھر میں قرآن خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکو اپنی جواررحمت میں جگہ عطافرمائے، تحریک کے تمام شہداء کی مغفرت کرے اورشہداء کی قربانیوں کے صدقے تحریک کے تمام ساتھیوں کو مزید ہمت اور حوصلہ عطافرمائے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں طویل عرصے سے آپ کو باربار آگاہ کرتارہاہوں کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بعض قوتیں ایم کیوایم کے خلاف سرگرم عمل ہیں، گزشتہ ایک ہفتہ سے برطانیہ اور امریکہ کے نامی گرامی اخبارات میں میرے خلاف جھوٹی اوربے بنیاد کہانیاں شائع ہوئی جن میں میرے خلاف انتہائی بیہودہ اورغلیظ زبان استعمال کی گئی۔ صحافتی آداب کے خلاف شائع ہونے والے ان قصے کہانیوں کو جواز بناکر پاکستان میں بعض ایم کیوایم دشمن متعصب عناصر ایم کیوایم کواپنی عصبیت کی بھینٹ چڑھارہے ہیں،طرح طرح کی باتیں کررہے ہیں ،میں نے یہاں تک سنا ہے کہ اب ایم کیوایم کے دن گنے جاچکے ہیں اور اب ایم کیوایم ختم ہوجائیگی ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم دشمن قوتیں 35 برسوں سے ہمیں ہرقیمت پر ختم کرنے کی کوششیں کرتی رہیں لیکن ہمارے دشمن ختم ہوتے رہے اور ایم کیوایم اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مضبوط سے مضبوط تر ہوتی رہی۔میں اپنی 60 ویں سالگرہ کے دن اللہ تعالیٰ کو گواہ بناکر کہتا ہوں کہ ایم کیوایم کو امریکہ، برطانیہ اور دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت مل کر بھی اسلئے ختم نہیں کرسکتی کیونکہ ایم کیوایم کو اللہ تعالیٰ کی تائید اور عوام کی حمایت حاصل ہے اور جب تک اللہ تعالیٰ نہیں چاہے گا ایم کیوایم کو کوئی بھی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایم کیوایم دشمن عناصر مجھے یہودیوں، امریکہ اور برطانیہ کا ایجنٹ قرار دیا کرتے تھے ۔ اب ان عناصر کو شرم آنی چاہئے کہ میرے خلاف امریکی اوربرطانوی اخبارات میں من گھڑت اوربے بنیاد رپورٹوں کی اشاعت سے ثابت ہوگیا کہ الطاف حسین صرف اللہ تعالیٰ ، پاکستان اور اسکے مظلوم عوام کا ایجنٹ ہے ۔جناب الطاف حسین نے اجتماعات کے شرکاء سے دریافت کیا کہ میرے خلاف جومنفی پروپیگنڈہ کیاجارہا ہے اگرآپ پر اس کا کچھ اثرہوا ہے تو مجھے ایمانداری سے بتادیں، میں خاموشی سے تحریک سے علیحدہ ہوجاؤں گا۔ جس پر تمام شرکاء نے یک زبان ہوکر کہا ’’ہرگز نہیں ‘‘ ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ برطانوی اورامریکی اخبارات میں میرے خلاف چلائی جانے والی مہم پر پاکستان میں ایم کیوایم دشمن عناصر خوشیاں منارہے ہیں۔ اگر خفیہ قوتیں مجھے کوئی نقصان پہنچاتی ہیں تو آپ وعدہ کریں کہ نہ صرف آپ خود ثابت قدم رہیں گے بلکہ اپنی اولادوں کو بھی نصیحت کریں گے کہ جب تک ہمیں اپنی منزل نہیں مل جاتی ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ جس پر تمام شرکاء نے بلند آواز میں کہا’’ ہم وعدہ کرتے ہیں‘‘۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں نے جب سے برطانوی سرزمین پر قدم رکھا ہے اور یہاں رہتے ہوئے جس طرح تحریک چلارہاہوں وہ پوری دنیا کے سامنے ہے ۔ میں نے آج تک برطانوی قانون کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی ۔ ہمیشہ ساتھیوں کو صبروتحمل سے کام لینے کے علاوہ کوئی درس نہیں دیا اورنہ کبھی فساد کا درس دوں گالیکن میں دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ امن کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ، امن کا راستہ اختیارکرنے والی تحریکوں کو طاقت کے ذریعہ وقتی طورپر تودبایاجاسکتا ہے لیکن ختم نہیں کیاجاسکتا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ فکری اورنظریاتی تحریکیں اپنے عروج پر پہنچتے پہنچتے وقت لگاتی ہیں، کوئی بھی نظریاتی تحریک راتوں رات آسمان پر نہیں پہنچتی اورجوتحریک راتوں رات آسمان پرپہنچائی جاتی ہیں وہ راتوں رات دھڑام سے زمین پر بھی آجاتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ ایم کیوایم کے خلاف چاروں طرف سے سازشیں ہیں مگراس کے باوجود میراپیغام سندھ کے قصبوں،دیہات، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، قبائلی وشمالی علاقہ جات اورآزادکشمیرسمیت ملک کے چپہ چپہ میں پھیل رہاہے ، لوگ ایم کیوایم کا پیغام سمجھ رہے ہیں، ایم کیوایم میری جاگیرنہیں بلکہ عوام کی تحریک ہے، عوام اس تحریک کوچلاتے رہیں گے اوروہ وقت آئے گا جب سندھ ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان ،آزادکشمیرکے عوام الطاف حسین کے پرچم تلے متحدہونگے اوروہ دن آئے گا جب ہم ملک سے کرپٹ پولیٹیکل نظام کاخاتمہ کریں گے اورملک میں وہ جمہوری نظام قائم کریں گے جسکی روح’’ عوام کی حکمرانی، عوام میں سے اورعوام کیلئے ‘‘ ہے ۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کو محدودکرنے اوراسکے مینڈیٹ کوچوری کرنے کیلئے مخالفین کے مطالبہ پر صرف کراچی میں حلقہ بندیاں کرائی گئیں جوکہ غیرقانونی اورغیرآئینی اقدام تھا، پھر ووٹرز لسٹوں میں دھاندلی کابہانہ بناکر فوج کی نگرانی میں ووٹرزلسٹوں کی چیکنگ کرائی گئی ،ہم نے پھربھی اسے قبول کیا۔پھرمخالفین کی جانب سے کہاگیاکہ ایم کیوایم دھاندلی سے الیکشن میں کامیاب ہوتی ہے لہٰذافوج کی نگرانی میں الیکشن کرایاجائے پھردیکھیں گے کہ ایم کیوایم کیسے کامیاب ہوتی ہے۔ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوئے اورایم کیوایم نے اس کے باوجودشاندارکامیابی حاصل کی اورمخالفین کو تھوکاہوا چاٹنا پڑا ۔ انہوں نے کہاکہ وہ تمام جماعتیں جوہرمعاملے میں فوج کوبلانے کی باتیں کرتی تھیں لیکن جب میں نے کراچی میں قیام امن کیلئے فوج بلانے کی بات کی تو ان تمام جماعتوں نے مخالفت کردی۔جناب الطاف حسین نے وفاقی وصوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے کہاکہ ایم کیوایم کے پانچ کارکنان گزشتہ دوماہ سے لاپتہ ہیں جنہیں انکے والدین کے سامنے گرفتارکیا گیا تھا ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ان لاپتہ کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا جائے اوراگر خدانخواستہ انہیں قتل کردیا گیا ہے تو بھی بتایاجائے کہ انہیں کہاں دفن کیا گیاہے ۔جناب الطا ف حسین نے الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاکے ذمہ داران ،صحافیوں اوراینکرپرسنزسے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کی جماعت ہے، اسے غیروں کی جماعت نہ سمجھیں، آنے والاوقت ایم کیوایم کاہے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے رہنماؤں ، منتخب نمائندوں اورٹی وی ٹاک شوزمیں جانے والے تمام ذمہ داروں کوتلقین کی کہ اگرکسی ٹاک شومیں کوئی اینکریاصحافی آداب صحافت سے گری ہوئی یا بیہودہ زبان استعمال کرے توجواب میں آپ بیہودہ زبان ہرگزاستعمال نہ کریں۔جناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورماؤں بہنوں بزرگوں سے کہاکہ آپ سازشوں ،پروپیگنڈوں اور آزمائشوں سے ہرگزمایوس نہ ہوں، جس کا کوئی نہیں ہوتا اس کاسہاراخداہوتاہے، میں ایک کمزورانسان ہوں، میری طاقت نہیں تھی مگریہ اللہ تعالیٰ کاکرم ہے کہ اس قدر شدید مخالفتوں کے باوجود میں تحریک چلارہاہوں۔ میرے ہزاروں ساتھی اس تحریک پر اپنی جان نثارکرچکے ہیں اورہزاروں بڑی بڑی اذیتیں سہہ چکے ہیں مگرآج بھی پرعزم اورثابت قدم ہیں۔ جس طرح سورج نکلتاہے تودنیادیکھتی ہے اورسورج کے نکلنے کا کوئی انکار نہیں کرسکتااسی طرح مجھے اللہ تعالیٰ کی ذات اوراس بات پریقین ہے کہ اس جدوجہدکے کڑے لمحات میں اگرکسی ساتھی کابازوکٹ گیا تو دوسرا ساتھی اسکے ہاتھ میں موجودپرچم کوتھام لے گا،اگراس ساتھی کابازوکٹ گیاتوکوئی بہن آگے آکراس پرچم کوتھام لے گی اور اگر اس بہن کابازوبھی کٹ گیاتوکوئی بزرگ آگے بڑھ کرتحریک کے اس پرچم کوتھام لے گامگرپرچم کوگرنے نہیں دے گا۔ جناب الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ میرے ساتھیوں کواورزیادہ پرعزم اورثابت قدم بنائے، انہیں اپنی امان میں رکھے، ماؤں بہنوں کی مرادیں پوری کرے اور بزرگوں کاسایہ ہم پر قائم رکھے ۔ جناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے غیرمسلم کارکنوں اورہمدردوں کو شاباش پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی اورہمدرد خواہ وہ ہندو ہوں، سکھ ہوں، عیسائی ہوں ،پارسی ہوں، بوہری ہوںیاکسی بھی عقیدے کے ماننے والے ہوں میں سب کااحترام کرتاہوں،سب سے پیارکرتاہوں اورانہیں برابرکاپاکستانی سمجھتاہوں۔ جناب الطاف حسین نے تمام کارکنوں کواپنی 60ویں سالگرہ کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کوآج کادن مبارک ہو۔انہوں نے آخرمیں دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ہمارا اتحاد قائم رکھے اورتحریک کے خلاف کی جانے والی سازشوں کوناکام بنائے۔