ملک میں ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کو مساوی حقوق فراہم کئے جائیں، خوش بخت شجاعت
قائد تحریک الطاف حسین نے اپنے ساتھیوں کو ہمیشہ خواتین کے احترام کا درس دیا ہے
ایسی کانفرنس خواتین کو انکے مسائل کے حل سے متعلق معلومات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی
اے پی ایم ایس او شعبۂ طالبات کے تحت جامعہ کراچی میں منعقدہ نیشنل ویمن کانفرنس 2013ء سے خطاب
کراچی ۔۔۔10، ستمبر2013ء
سابق حق پرست رکن قومی اسمبلی ملک کی نامور ٹی وی اینکر خوش بخت شجاعت نے کہا ہے کہ پاکستان میں فرسودہ سوچ کے حامل افراد و طبقات نے خواتین کو ان کے حقوق سے دور رکھا ہوا ہے۔ خواتین اپنے حقوق کے حصول کے لیے ایک دوسرے کو آگہی فراہم کریں تاکہ ملک میں ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور نا انصافیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے پی ایم ایس او کے شعبۂطالبات کے تحت جامعہ کراچی میں منعقدہ نیشنل ویمن کانفرنس 2013ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھاکہ 66برسوں سے ملک پر قابض فرسودہ سوچ کے حامل افراد نے خواتین کو انکے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے ۔کسی بھی ملک میں ترقی کے لیے ضروری ہے کہ مرد و خواتین کومساوی حقوق حاصل ہوں۔انھوں کہا کہ باشعور و تعلیم یافتہ خواتین ملک کے دیگر حصوں میں جاکر خواتین کو انکے مسائل اور ان کے حل سے متعلق معلومات فراہم کریں کیوں کہ پاکستان کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب یہاں خواتین سمیت تمام طبقات کو یکساں اور مساوی حقوق فراہم کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہنا تھا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے بھی خواتین کے حقوق اور ان کے خلاف جاری فرسودہ رسومات کے خاتمے کے لیے آواز بلند کی ہے اور اپنے ساتھیوں کو ہمیشہ خواتین کے احترام کا درس دیا ہے ۔اس موقع پر اے پی ایم ایس او کی مرکزی رکن شازیہ اسلم ، شعبۂ طالبات کی ذمہ دران و کارکنان سمیت جامعہ کراچی کے اساتذہ کرام اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ قبل ازیں کانفرنس سے ایم پی اے نائلہ لطیف ،معروف اداکارہ زیبہ شہناز ، درس و تدریس کا نمایاں نام پروفیسر ساجدہ حسین ، معروف صحا فی و ٹی وی اینکر سمین نواز ،حرا اورمشہور ڈینٹسٹ ڈاکٹر فوزیہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔