کراچی سے 19 ہزار نیٹو کنٹینرز کی چوری کا بیہودہ الزام جن عناصر نے ایم کیوایم پر عائد کیا تھا انہیں امریکی سفارتخانے کے تردیدی بیان کے بعد سانپ سونگھ گیا ہے، سندھ تنظیمی کمیٹی ایم کیوایم
ایم کیوایم پر ماورائے عقل الزامات پر حقیقت کو نظر انداز کرکے جس ڈھٹائی اور بے شرمی سے جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم پر تنقید اور زہریلا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے وہ کھلی نفرت اور تعصب ہے، سندھ تنظیمی کمیٹی
نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر ایم کیوایم کو سازشوں کے ذریعے نفرت انگیز سلوک کا نشانہ بنانے کی روش اختیار کر رکھی ہے، سندھ تنظیمی کمیٹی ایم کیوایم
ایم کیوایم پر جھوٹے الزامات عائد کرنے والوں کا چہرہ ایک مرتبہ پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، سندھ تنظیمی کمیٹی
کراچی ۔۔۔10، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج و اراکین نے امریکی سفارتحانے کی واضح تردید کے بعد ’’کراچی سے 19ہزار نیٹو کنٹینرز‘‘ کی چوری کا بے بنیاد الزام ایم کیوایم پر غلط ثابت ہونے پرملک بھر کے عوام و کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ باطل پرست قوتیں جتنی تیزی سے حق پرستی کے فکر وفلسفہ اورنظریئے کو روکنے کیلئے سازشیں کررہے ہیں اورنفرتیں پھیلا رہی ہیں انہیں اتنی ہی تیزی سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو حق پرستی کے فکروفلسفہ اور نظریئے کی سچائی کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے ملک کی سیاست میں جب قدم رکھا ہے توانہوں نے شروع دن سے ہی بلاتفریق عوامی خدمت کی روشن مثالیں قائم کی ہیں جبکہ ملک کی نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں نے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنانے کے بجائے ملک بھر کے غریب ومتوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم کو سازشوں کے ذریعے نفرت انگیز سلوک کا نشانہ بنانے کی روش اختیار کررکھی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کی نہیں بلکہ وڈیروں ، جاگیرداروں ، سرداروں اور سرمایہ داروں کی نمائندگی موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی سیاست میں قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے مثبت کردار کو سب سراہتے ہیں لیکن یہ بات حیران کن ہے کہ ماضی میں ایم کیوایم پر لگائے گئے جناح پور کے جعلی نقشے کا بے بنیاد الزام غلط ثابت ہونے کے بعدآج بھی سیاسی ومذہبی جماعتیں ، بعض اینکرپرسنز اور تجزیہ نگار ایم کیوایم پر ماورائے عقل الزامات عائد کئے جانے کے باوجود حقیقت کو نظر انداز کرکے جس ڈھٹائی اور بے شرمی سے قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم پر تنقید اور زہریلا پروپیگنڈہ کرتے ہیں وہ کھلی نفرت ، تعصب کا نہ صرف ثبوت ہے بلکہ ملک کی تمام اکائیوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرکے ملک و قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا عمل ہے ۔سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج و اراکین نے کہاکہ کراچی سے 19ہزار نیٹو کنٹینرز کی چوری کا بیہودہ الزام جن عناصر نے ایم کیوایم پر عائد کیا تھا انہیں امریکی سفارتخانے کے تردیدی بیان کے بعد سانپ سونگھ گیا ہے اور آج ایم کیوایم پر جھوٹے الزامات عائد کرنے والوں کا چہرہ ایک مرتبہ پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔