تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان کی جانب سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے نئے صوبوں کے قیام کے مطالبہ کی مکمل حمایت
ہزارہ کے مظلوم عوام ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے احسان مند ہیں کہ انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ اٹھایا ہے۔ بابا حیدر زمان
تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان کی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیز آبادی سے فون پر گفتگو
پاکستان میں مزید صوبوں کے قیام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی شدت اختیار کرچکا ہے۔ بابا حیدر زمان
قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم ملک کے محروم و مظلوم طبقات کے حقوق کے حصول اور ناانصافیوں کے خاتمہ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ مصطفےٰ عزیز آبادی
لندن ۔۔۔ 10 ستمبر2013ء
تحریک صوبہ ہزارہ کے قائدباباحیدرزمان نے ایم کیوایم کے قائدجناب الطا ف حسین کی جانب سے پاکستان میں مختلف نسلی ولسانی اکائیوں کے احساس محرومی دورکرنے کیلئے نئے صوبوں کے قیام کے مطالبہ کی مکمل حمایت کی ہے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے باباحیدرزمان نے کہاکہ نئے صوبوں کاقیام وقت کی ضرورت ہے اورہزارہ کے مظلوم عوام ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے احسان مند ہیں کہ انہوں نے ایک مرتبہ پھرنئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ شدت سے اٹھایا ہے۔ بابا حیدرزمان نے جناب الطاف حسین کی اس بات سے مکمل اتفاق کیاکہ دنیاکے کئی ممالک میں گزشتہ 66برسوں کے دوران کئی صوبے تشکیل دیے گئے لیکن آج پاکستان کی آبادی گئی گنا بڑھ چکی ہے اسکے باوجودبھی پاکستان میں مزیدصوبوں کے قیام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی شدت اختیارکرچکاہے ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے بابا حیدر زمان کو یقین دلایا کہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم ملک کے محروم ومظلوم طبقات کے حقوق کے حصول اور ناانصافیوں کے خاتمہ کیلئے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی۔