سکھ برادری کی جانب سے پاکستان کی بقاء وسلامتی کیلئے دعائیہ پروگرام کاانعقاد،ایم کیوایم کی اقلیتی امورکمیٹی کی شرکت ایم کیوایم بلاتفریق رنگ ونسل ،زبان اورمذہب عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے،عبدالاحد
کراچی :۔۔۔۔7؍ستمبر ، 2013ء
متحدہ قو می موومنٹ کے شعبہ اقلیتی امورکے انچارج عبدالاحدنے کہاہے کہ ایم کیوایم پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے جائزحقوق اورتحفظ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزہندوگوٹھ گڈاپ ٹاؤن کی سکھ برادری کے زیراہتمام دعائیہ پروگرام میں شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔دعائیہ پروگرام میں سکھ برادری کی جانب سے پاکستان کی بقاء وسلامتی ،دہشت گردی کے خاتمے،امن وامان کی بحالی اورایم کیوایم کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی ، دعائیہ پروگرام میں سکھ برادری نے بڑی تعدادمیں شرکت کی جن میں نوجوان،خواتین،بزرگ اوربچوں کی تعدادنمایاں تھی۔اس موقع پر شعبہ اقلیتی امورکے جوائنٹ انچارج پطرس و اراکین سردارکرشن سنگھ ،نویدملک اورگڈاپ ٹاؤن کمیٹی کے ذمہ داران وکارکنان بھی موجودتھے۔عبدالاحد نے کہاکہ ایم کیوایم تمام مذاہب کادل سے احترام کرتی ہے جوبلاتفریق رنگ ونسل ،زبان اورمذہب عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم میں تمام مذاہب وزبان ،فرقہ اورمسلک کے لوگ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال انتہائی نازک ہے اورتمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کوملک کی بقاء وسلامتی کیلئے متحدہونے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر سردار گرمگھ سنگھ ،سردارمول سنگھ نے مقدس کتاب’’شری گروگرنتھ صاحب جی‘‘پڑھ کر مملکت پاکستان کی بقاء وسلامتی ،کراچی کے حالات کی بہتری اورقائد تحریک جناب الطاف حسین کی صحت وتندرستی اوردرازی عمرکیلئے خصوصی دعائیں کیں۔