اپنے گھروں کوواپس آنے والے کچھی برادری کے خاندانوں پرجدیدترین اسلحہ سے فائرنگ، راکٹ لانچروں سے حملے اوربموں کے دھماکے کرکے واپس پہنچنے کی ان کی خوشیوں کوسرے سے خاک میں ملادیاگیا۔الطاف حسین
دہشت گردوں کی مسلسل فائرنگ اورراکٹوں کے حملوں سے متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور دس سے زائدخواتین اوردیگرافرازخمی بھی ہوئے ہیں
سندھ حکومت اورکراچی کی انتظامیہ ، پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اس تمام تر کھلی دہشت گردی کورکوانے میں نہ صرف ناکام ہیں بلکہ اس شورش زدہ علاقے سے اس طرح غائب ہیں کہ جیسے پولیس اورقانون نافذکرنے والے اداروں کاسرے سے کراچی میں کوئی وجودہی نہیں ہے
حکومت سندھ کراچی کے عوام اورتاجروں کو لیاری میں گینگ وار کے دہشت گردوں اوربھتہ کی پرچیاں دینے والوں سے نجات دلانے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے
وزیراعظم نوازشریف کراچی کے انسانوں کی جان ومال کے تحفظ اورتاجربرادری کے کاروبارکوتحفظ فراہم کرنے کی غرض
سے کراچی کے انتظام کوفوج کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کریں
اب کراچی کے نہتے اورمظلوم عوام اور تاجر برادری صرف فوج کی طرف آخری امید کی نگاہ لگائے بیٹھے ہیں
لندن۔۔۔۔27 اگست 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجنا ب الطاف حسین نے گزشتہ روز سے آج صبح تک لیاری کے علاقے میں لیاری گینگ کے دہشت گردوں کی جانب سے کچھی برادری کے بے خانماں برباد قافلوں کی انکے گھروں کی دوبارہ آبادکاری کے بعد ا ن کے گھروں، محلوں پر جدید ترین اسلحہ سے فائرنگ ، راکٹ لانچروں سے حملوں اوربموں سے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ ،سندھ حکومت اور کراچی کی انتظامیہ، پولیس ودیگرقانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اعلیٰ حکام سے سوال کیاکہ دہشت گردوں کی مسلسل فائرنگ اورراکٹوں کے حملوں سے متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور دس سے زائد خواتین اوردیگرافراد زخمی بھی ہوئے ہیں لیکن افسوس کہ اب تک سندھ حکومت اورکراچی کی انتظامیہ ، پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اس تمام تر کھلی دہشت گردی کورکوانے میں نہ صرف ناکام ہیں بلکہ اس شورش زدہ علاقے سے اس طرح غائب ہیں کہ جیسے پولیس اورقانون نافذکرنے والے اداروں کاسرے سے کراچی میں کوئی وجودہی نہیں ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ جب کچھ دنوں قبل کچھی برادری کے معصوم اور نہتے عوام دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کے باعث اپنے گھروں کوچھوڑ کردوردراز علاقوں میں جانے پر مجبورہوئے تھے توانتظامیہ اورحکومت کے بعض وزراء نے انہیں یقین دلایاتھاکہ وہ واپس کراچی آجائیں توانہیں مکمل تحفظ دیاجائے گا۔ حکومت اورانکے عناصرکی یقین دہانیوں پر جب گزشتہ روز بیدخل ہونے والے ہزاروں خاندان واپس کراچی آئے اورکراچی پریس کلب پر دھرنادیکر بیٹھ گئے کہ انہیں تحفظ فراہم کیاجائے تووہ اپنے گھروں پرواپس جائیں، کمشنر کراچی نے کراچی پریس کلب پر پہنچ کر ان خاندانوں کو یقین دلایاتھا کہ وہ اپنے گھروں کوواپس جائیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیاجائیگا۔ الطاف حسین نے کہاکہ کمشنرکراچی کی یقین دہانیوں کے بعد کچھی برادری کے لوگ اپنے اپنے گھروں پرجانے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں پہنچے تواس سے پہلے کہ وہ اپنے گھروں پر چین وسکون کی زندگی گزارنے کانئے سرے سے آغاز کرتے، واپس آنے والے کچھی برادری کے ان خاندانوں پرجدیدترین اسلحہ سے فائرنگ، راکٹ لانچروں سے حملے اوربموں کے دھماکے کرکے واپس پہنچنے کی ان کی خوشیوں کوسرے سے خاک میں ملادیاگیا ۔جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نوازشریف کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ کراچی کے عوام اورتاجروں کو لیاری میں گینگ وار کے دہشت گردوں اوربھتہ کی پرچیاں دینے والوں سے نجات دلانے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے لہٰذا وفاقی حکومت اگرکراچی کے نہتے عوام اورتاجربرادری کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے کسی آئینی وقانونی مجبوریوں کی وجہ سے مجبورہے توپھرکراچی کے انسانوں کی جان ومال کے تحفظ اورتاجربرادری کے کاروبارکوتحفظ فراہم کرنے کی غرض سے کراچی کے انتظام کوفوج کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کریں ۔اب کراچی کے نہتے اورمظلوم عوام اور تاجر برادری صرف فوج کی طرف آخری امید کی نگاہ لگائے بیٹھے ہیں۔