ایم کیوایم کے تمام یونٹوں، سیکٹروں، زونوں اور ضلعوں کے عہدیداران و کارکنان کل بروز منگل تمام تر تنظیمی و سیاسی مصروفیات ترک کرکے اے آروائی کیخلاف قائم کئے گئے مقدمات کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور تعداد میں شرکت کریں۔الطاف حسین
بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں۔کارکنوں، ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور بچوں سے الطاف حسین کی اپیل
اے آروائی کے مالکان اورصحافیوں کے خلاف قائم کیا جانے والادہشت گردی کا مقدمہ انتہائی شرمناک ہے
ایم کیوایم نہ صرف پوری طرح صحافی برادری کے ساتھ ہے بلکہ آزادی ء صحافت کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہے
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے مشترکہ ہنگامی اجلاس سے خطاب
لندن۔۔۔۔ 26 اگست 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام یونٹوں،سیکٹروں،زونوں اور ضلعوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کوہدایت کی ہے کہ وہ کل بروزمنگل تمام ترتنظیمی وسیاسی مصروفیات ترک کرکے بلوچستان حکومت کی جانب سے صحافیوں کے خلاف قائم کئے گئے مقدمات کے خلاف ملک بھرمیں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپورتعدادمیں شرکت کریں۔ انہوں نے یہ ہدایت پیرکی شب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے مشترکہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے اے آروائی کے مالکان اورسینئر صحافیوں کے خلاف قائم کیا جانے والادہشت گردی کامقدمہ انتہائی شرمناک ہے ۔جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام یونٹوں، سیکٹروں، زونوں اورضلعوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کوہدایت کی کہ پورے ملک میں جہاں جہاں بھی اے آروائی سے اظہاریکجہتی کیلئے مظاہرے ہوں ان میں بھرپور تعداد میں شرکت کریں اورپوری دنیاکوبتادیں کہ ایم کیوایم نہ صرف پوری طرح صحافی برادری کے ساتھ ہے بلکہ آزادی ء صحافت کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کارکنوں، ماؤں ،بہنوں، بزرگوں اوربچوں سے اپیل کی کہ وہ بازؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں۔ جناب الطاف حسین نے اپنی جانوں کوخطرے میں ڈال کر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کوزبردست خراج تحسین بھی پیش کیااوراسے بہادر ی سے تعبیر کیا۔