کراچی کے تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی
دہشت گردی، قتل و غارتگری، بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کے مسلسل واقعات سے کراچی کے تاجر اور صنعتکار عدم تحفظ کا شکار ہیں
جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کے باعث بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، ڈکیتیوں اور تاجروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کے واقعات روزمرہ کا معمول بن چکا ہے
ایم کیوایم، تاجر برادری کے ساتھ ہے اور ان کے حقوق کیلئے ہر سطح پر صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی
تاجر برادری کی جان و مال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے
لندن۔۔۔26، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے تاجروں اورصنعتکاروں کو بلاتاخیر جان ومال کا تحفظ فراہم کیاجائے اورانہیں جرائم پیشہ دہشت گردوں سے نجات دلائی جائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بدنام زمانہ جرائم پیشہ دہشت گردوں نے کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے۔ دہشت گردی، قتل وغارتگری، بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کے مسلسل واقعات سے کراچی کے تاجر اورصنعتکار عدم تحفظ کا شکارہیں اوراپنا کاروبار بیرون ملک منتقل کررہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کی معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرنے والے تاجروں اورصنعتکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سماج دشمن عناصر کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ جرائم پیشہ دہشت گردوں کی نشاندہی کے باوجود حکومت کی جانب سے تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کوگرفتارکرنے کیلئے کسی بھی قسم کے مثبت اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں اور تاجروں وصنعتکاروں سے بھتے لینے، تاوان کیلئے اغواء کرنے اور تاجروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کے واقعات روزمرہ کا معمول بن چکا ہے جس کے باعث تاجروں اورصنعتکا روں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں سے دلی یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ایم کیوایم ، تاجربرادری کے ساتھ ہے ،وہ انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے حقوق کیلئے ہرسطح پر صدائے احتجاج بلند کرتی رہے گی ۔رابطہ کمیٹی نے قائم مقام گورنرسندھ آغاسراج درانی اوروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے، تاجروں اورصنعتکاروں کو بلاتاخیر جان ومال کا تحفظ فراہم کیاجائے اور تاجربرادری کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔