ایم کیوایم کورنگی سیکٹر کے کارکن راحیل اور ان کے کزن طاہر کا قتل شہر کا امن خراب کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، رابطہ کمیٹی
ایم کیوایم کے ذمہ داران، کارکنان، ہمدردوں اور کراچی کے شہریوں کے قتل کا سلسلہ بند کرایا جائے، رابطہ کمیٹی کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ
کراچی: ۔۔۔25اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کورنگی سیکٹریونٹ76کے کارکن راحیل ،ان کے کزن اورایم کیوایم کے ہمدرد طاہر کو مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے شہرکاامن خراب کرنے کی گھناؤنی سازش قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردوں کے قتل کاسلسلہ بند کرایا جائے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ امن دشمن عناصر شہر کے حالات خراب کی سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیوایم کے ذمہ داران، کارکنان، ہمدردوں اور کراچی کے معصوم شہریوں کوقتل وغارتگری کانشانہ بنارہے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران ایم کیوایم کے متعدد کارکنان کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے تاہم آج تک ایک بھی دہشت گرد گرفتار نہیں ہوسکا۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم کورنگی سیکٹرکے کارکن راحیل اوران کے کزن کورنگی کے علاقے Kایریا ابراہیم حیدری گئے تھے جہاں دہشت گردوں نے ان پراندھا دھند فائرنگ کرکے بے دردی سے شہید کردیا۔ رابطہ کمیٹی نے راحیل شہیداورطاہرشہیدکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے کارکنان سے بھی اپیل کہ وہ صبر کا دامن تھامے رکھیں اورکسی بھی صورت میں مشتعل نہ ہوں اور اتحاد سے شہر کا امن خراب کرنے کی سازشوں کو ناکام بنادیں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اوروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کورنگی سیکٹر کے کارکن راحیل اوران کے کزن طاہرکے المناک قتل کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورایم کیوایم کے ذمہ داران،کارکنان اورہمدردوں کے قتل کا سلسلہ بند کرایا جائے ۔