فرقہ وارانہ قتل کی وارداتیں شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش ہے، الطاف حسین
چند برسوں سے شر پسند عناصر ایک تسلسل کے ساتھ شہر میں فرقہ وارانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کررہے ہیں
ملک اور اسلام دشمن قوتوں کو کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قطعی برداشت نہیں ہے
تمام مکاتب فکر کے عوام امن دشمن عناصر کی سازشوں کو سمجھیں اور اپنے امن و اتحاد سے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازشوں کو ناکام بنادیں، الطاف حسین کی اپیل
لندن۔۔۔25، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کراچی میں فرقہ وارانہ قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش کا حصہ قراردیا ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ چند برسوں سے شرپسندعناصر ایک تسلسل کے ساتھ شہرمیں فرقہ وارانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کررہے ہیں تاکہ ان واقعات کو بنیاد بناکر شیعہ اور سنی عوام کو آپس میں لڑایا جائے لیکن شیعہ وسنی عوام نے اس بربریت کے باوجود اپنے اتحاد میں کوئی فرق نہیں آنے دیا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملک اور اسلام دشمن قوتوں کو کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قطعی برداشت نہیں ہے اور وہ دونوں جانب کے ممتاز افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر کراچی کاامن برباد کرنے پرتل گئے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر ، فقہوں اورمسالک سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ امن دشمن عناصر کی سازشوں کو سمجھیں اوراپنے امن واتحاد سے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔