ایم کیوایم محترمہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کراچی میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی، رابطہ کمیٹی کا اعلان
احتجاجی مظاہرہ سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری کے سامنے کیا جائے گا
جب تک زہرہ شاہد کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا یہ احتجاجی مظاہرہ جاری رہیں گے
چیف جسٹس آف پاکستان زہرہ شاہد کے بہیمانہ قتل کا از خود نوٹس لیں، قتل کی تحقیقات سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے سینئر ججوں پر مشتمل کمیشن کے ذریعہ کرائی جائے، رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
زہرہ شاہد کے قتل کی تحقیقات میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو شامل تفتیش کیا جائے
زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاجی مظاہرے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے ارکان کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ
کراچی۔۔۔25، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد تحریک انصاف کی رہنما محترمہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی، ایم کیوایم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ محترمہ زہرہ شاہد کے بہیمانہ قتل کا ازخود نوٹس لیں اور سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے سینئرججوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دیکر اس بہیمانہ قتل کی فوری تحقیقات کرائیں۔ اس بات کا فیصلہ اتوار کے روز ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے ارکان کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔رابطہ کمیٹی نے متفقہ طورپر فیصلہ کیا کہ ایم کیوایم، محترمہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے سندھ ہائی کورٹ اورسپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری کے سامنے جلد بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی جس کے ذریعہ چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاجائے گاکہ وہ محترمہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے فوری طور پر سپریم کورٹ یاہائی کورٹ کے سینئر ججوں پرمشتمل ایک کمیشن تشکیل دیکر اس بہیمانہ قتل کی فوری تحقیقات کرائیں۔ اجلاس میں کہاگیا کہ پی ٹی آئی کی رہنما محترمہ زہرہ شاہد کو چند ماہ قبل کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید کردیا گیا تھا اور ان کے قاتل آج تک آزاد ہیں چناچہ ایم کیوایم،محترمہ زہرہ شاہد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے بہت جلد سندھ ہائی کورٹ اورسپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری کے سامنے بھرپوراحتجاجی مظاہرہ کرے گی اور جب تک زہرہ شاہد کے قاتلوں کو گرفتارنہیں کیا جائے گا یہ احتجاج جاری رہے گا۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ احتجاجی مظاہرے کی تاریخ کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چونکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کے محض چند منٹ بعد ہی اس کا الزام ایم کیوایم کے سرتھوپنے کی کوشش کرکے تحقیقات کے نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی تھی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں اس قتل کے بارے میں پہلے سے معلوم تھا اس لئے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیاجاتا ہے کہ عمران خان کو بھی اس قتل کی تحقیقات میں شامل تفتیش کیا جائے۔