ایم کیوایم کے تحت ہندو برادری کا تہوار ’’رکھشا بندھن‘‘ منایا گیا
خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں رکھشا بندھن کی منعقدہ تقریب میں رابطہ کمیٹی اراکین کی شرکت، خواتین نے مٹھائی کھلائی اور راکھیاں باندھیں
رکھشا بندھن احترام کا تہوار ہے اور آج ہندو برادری کی خواتین نے اپنے بھائیوں کو راکھیاں باندھ کر اپنے تحفظ کا ذمہ داری سونپ دی ہے، اراکین رابطہ کمیٹی
قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے ہندو خواتین کو شگون کے طور پر سر پر دوپٹہ اڑایا گیا، خواتین الطاف حسین کیلئے راکھیاں لے کر آئیں
کراچی ۔۔۔25، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ اقلیتی امورکمیٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ہند و برادری کا تہوار ’’رکھشا بندھن ‘‘ منایا گیا جس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کنور نوید ، واسع جلیل ،عامر خان اور احمد سلیم صدیقی نے شرکت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے تقریب کے شرکاء کو رکھشا بندھن کی دلی مبارکباد پیش کی ۔ رکھشا بندھن کی تقریب میں ہندو خواتین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت دیگر بھائیوں کو مٹھائی کھلانے کے بعد راکھیاں باندھیں۔ ہندو خواتین تقریب میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کیلئے بھی راکھیاں لے کر آئیں جبکہ اس موقع پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے ہندو خواتین کوشگون کے طور پر سر پر دوپٹہ اڑایا گیا اور تحائف دیئے گئے ۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ رکھشا بندھن احترام کا تہوار ہے اور آج ہندو برادری کی خواتین نے اپنے بھائیوں کو راکھیاں باندھ کر انہیں اپنے تحفظ کا ذمہ داری سونپ دی ہے اور قائدتحریک جناب الطاف حسین کے چاہنے والے کروڑوں حق پرست عوام ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ تقریب میں گو سوامی وجے مہاراج اور پنڈت لال مہاراج نے خصوصی دعا کرائی جس میں ملک کی سلامتی ، دہشت گردی کے خاتمے ، حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی دارزی عمر ، صحت و تندرستی دعا کی گئیں ۔ اس موقع پر ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے انچارج عبدالاحد ، جوائنٹ انچارجز گرد ھاری لال ، پطرس مسیح اور اراکین بھی موجود تھے۔