بھکر اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی
دہشت گرد عناصر ملک بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہے ہیں
کراچی ۔۔۔23، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے جنوبی پنجاب کے علاقے بھکر میں امام بارگاہ اور شہریوں کے گھروں پر حملے اور اسلام آباد میں مدرسے پر فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور ان واقعات میں بے گناہ شہریوں کے شہید و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک بھرمیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہے ہیں، بھکراور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات اسی سازش کا حصہ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ بھکر اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات کا فوری نوٹس لیاجائے، بے گناہ شہریوں پرمسلح حملے کرنے والے دہشت گرد عناصر کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں۔ رابطہ کمیٹی نے بھکر اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکیا اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔