ایم کیوایم کے نامز امیدواروں کی فقید المثال کامیابی ایک ایک حق پرست پاکستانی کی فتح ہے، الطاف حسین
حق پرستوں کو اللہ تعالیٰ کی تائید اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے
کراچی اور سندھ کے دیگرعلاقوں کےعوام نے حق پرست امیدواروں کو کامیاب بنا کر ثابت کردیا
کہ ایم کیوایم کی جڑیں سندھ کے شہری عوام میں مضبوطی سے پھیلی ہوئی ہیں
عظیم الشان کامیابی پر ایک ایک حق پرست کارکن اور ہمدرد زبردست مبارکباد اور خراج تحسین کا مستحق ہے
نومنتخب نمائندے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر سب کی بلاامتیاز خدمت کریں، قائد تحریک الطاف حسین کی تلقین
ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں، کارکنوں، ہمدردوں، شہداء کے لواحقین، لاپتہ اور اسیر ساتھیوں
کے اہل خانہ کو مبارکباد، خراج تحسین اور سیلوٹ پیش کرتا ہوں
لندن۔۔۔22، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاکہ ضمنی انتخابات 2013ء میں ایم کیوایم کے نامزد حق پرست امیدواروں کی فقید المثال کامیابی پاکستان بھرکے ایک ایک حق پرست پاکستانی کی فتح ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکرادا کیا جائے کم ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ بے شک عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ ہے اور اللہ تعالیٰ نے ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم کو عزت عطا کرکے واضح کردیا ہے کہ حق پرستوں کو اللہ تعالیٰ کی تائیداور عوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، منتخب نمائندوں ، نامزد امیدواروں اور کارکنان وعوام نے شدید دباؤ، ناموافق حالات اور ایم کیوایم کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کے باوجود ضمنی انتخابات میں دن رات محنت کرکے حق پرستی کا پیغام پھیلایا جبکہ کراچی اورسندھ کے دیگر علاقوں کے عوام نے ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے حق پرست امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بناکر ثابت کردیا ہے کہ ایم کیوایم کی جڑیں سندھ کے شہری عوام میں مضبوطی سے پھیلی ہوئی ہیں اور حق پرست عوام نے ایم کیوایم پر بھرپوراعتماد کا اظہار کرکے ایم کیوایم کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کو باطل قراردیدیا ہے ۔جناب الطاف حسین نے ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم کے نامزد حق پرست امیدواروں کی عظیم الشان کامیابی پر رابطہ کمیٹی کے ارکان، تمام شعبہ جات ، زونوں ، سیکٹروں اوریونٹوں کے ذمہ دارں ،ارکان سینیٹ، قومی وصوبائی اسمبلی ، نامزدحق پرست امیدواروں ، غیرمسلم پاکستانیوں ، تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام ، شہداء کے لواحقین، لاپتہ اوراسیر ساتھیوں کے اہل خانہ سمیت ایک ایک مخلص، بہادر، ثابت قدم اور وفادار کارکن کو سیلوٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس عظیم الشان کامیابی پر ایک ایک حق پرست کارکن اورہمدرد زبردست مبارکباد اور خراج تحسین کا مستحق ہے ۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے نومنتخب نمائندوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ چاہے کسی نے آپ کو ووٹ دیئے یا نہیں ، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکرایک ایک شہری کی خدمت کرنا آپ کا فرض ہے۔جناب الطاف حسین نے حق پرست نمائندوں سے کہاکہ غروراور تکبراللہ کو سخت ناپسند ہے اس لئے اس کامیابی پر غرور کا مظاہرہ کرنے کے بجائے عاجزی وانکساری کا مظاہرہ کیا جائے اور ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکریں جنہوں نے تمام تر زہریلے پروپیگنڈوں کے باوجود ایم کیوایم کو ووٹ دیئے۔