مسلح افواج کے جوانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے باعث جشن کی تقریبات ملتوی کردی جائیں، الطاف حسین
کورنگی نمبر5 میں رینجرز کے ہیڈ کوارٹرز پر دہشت گردوں کے بم دھماکے پر اظہار مذمت
بم دھماکے میں ایک شہری کی شہادت اور متعدد فوجی افسران و جوانوں کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس
کارکنان و عوام بم دھماکے میں شہید ہونے والے شہری کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعائیں کریں
لندن۔۔۔22، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کورنگی نمبر5 میں مسلح افواج کے ٹرک پر دہشت گردوں کے بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں فوجی اہلکاروں اورشہریوں کے شہیدوزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے ضمنی انتخابات کے انعقادکیلئے آنے والے فوجی افسران وجوانوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو بہیمانہ اوربزدلانہ قراردیتے ہوئے کہاکہ بے گناہ شہریوں اور فوجی جوانوں کو نشانہ بنانے والے ملک وقوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے شہید وزخمی شہریوں اور فوجی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہری کو اپنی جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یاب کرے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تمام تر نامساعد حالات ومشکلات کے باوجود ایم کیوایم کو سندھ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں جوبے مثال اور دشمنان ایم کیوایم کے دانت کھٹے کردینے والی کامیابی نصیب ہوئی ہے اس پر تمام ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدردعوام اللہ تعالیٰ کاشکرادا کرنے کے ساتھ ساتھ بے پناہ خوش بھی تھے اور جشن منانے کی تیاریاں کررہے تھے تاہم دہشت گردوں نے کورنگی میں فوج اور شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنادلا چناچہ میں تمام ذمہ داروں وکارکنوں سے کہتا ہوں کہ وہ اس سانحہ کے سوگ میں آج جشن کی تمام تقریبات ملتوی کردیں اورشہیدہونے والے شہری کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اورزخمیوں کی صحت یابی کی دعائیں کریں۔