الطاف حسین کا اے این پی کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور سے ٹیلی فون پر رابطہ
غلام احمد بلورکی کامیابی پر اسفند یار ولی، اے این پی کے دیگر رہنماؤں او رکارکنوں کو دلی مبارکباد پیش کی
آپ کی کامیابی روشن خیال، جمہوریت پسندوں اور باطل قوتوں کے آگے نہ جھکانے والوں کی فتح ہے، الطاف حسین
یہ کامیابی بشیراحمد بلور شہید سمیت اے این پی کے تمام شہید رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیوں کاثمر ہے، الطاف حسین
میں آپ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی آپ نے مجھے یاد کیا،غلام احمد بلور
لندن۔۔۔22، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 سے نامزد امیدوار غلام احمد بلورسے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں ضمنی انتخاب میں کامیابی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ غلام احمد بلور سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہاکہ آپ کی کامیابی روشن خیال، جمہوریت پسند، قربانیاں دینے اور باطل قوتوں کے آگے نہ جھکنے والوں کی فتح ہے ۔ جناب الطاف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی، اے این پی کے تمام رہنماؤں ، کارکنوں اور غلام احمد بلور کے اہل خانہ کو بھی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی بشیراحمدبلورشہید سمیت اے این پی کے تمام شہید رہنماؤں اورکارکنوں کی قربانیوں کاثمر ہے اوراس کامیابی سے مجھے اور میرے ساتھیوں کو بہت خوشی ہوئی ہے ۔ غلام احمد بلور نے جناب الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی آپ نے مجھے یاد کیا، اللہ تعالیٰ آپ کو خوش رکھے اورہم سب کو ملک وقوم کی خدمت کرنے کی ہمت اور طاقت عطافرمائے۔(آمین)