پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں نو آبادیاتی دور کے بلدیاتی نظام کا بل منظور کرکے جمہوری روایت کا خون کردیا ہے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
پی پی پی کے دیہی اور شہری عوام کے بیچ ایک بار پھر خلیج پیدا کردی ہے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کا کوئی بھی عمل کرکے چین اور سکھ کا سانس نہیں لے سکتی ، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
اب سندھ دھرتی کے عوام دوریاں پیدا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کریں گے اور اپنے حقوق کے خلاف کوئی بھی اقدام برداشت نہیں کریں گے
کراچی۔۔۔19، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں 1979ء کے بلدیاتی نظام کے بل کی منظوری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں برطانوی سلطنت کے بلدیاتی نظام کا بل منظور کرکے جمہوری روایت کا خون کردیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے جنرل ضیاء کا پسندیدہ بلدیاتی نظام نافذ کرکے جمہوری آمریت کے دور کا آغاز کردیا ہے اور یہی اور شہری عوام کے بیچ ایک بار پھر خلیج پیدا کردی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے سندھ کے دیہی اور شہری عوام کے درمیان پیار ، محبت اور اتحاد کے قیام اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے جو کوششیں کی تھیں پیپلزپارٹی نے آج اسے سبوتاژ کردیا ہے اور بلدیاتی نظام نافذ کرکے دیہی اور شہری کی تفریق پید اکردی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ موجودہ پیپلزپارٹی اپنے بانی و قائد کو سولی پر لٹکانے اور پیپلزپارٹی کے متعدد کارکنوں کو شہید کرنے والے جنرل ضیاء کے پسندیدہ بلدیاتی نظام کو سندھ میں نافذ کرکے کس کی خدمت کررہی ہے ؟ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اب پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کا کوئی بھی عمل کرکے چین اور سکھ کا سانس نہیں لے سکتی اور اب سندھ دھرتی کے عوام دوریاں پیدا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کریں گے اور اپنے حقوق کے خلاف کوئی بھی اقدام برداشت نہیں کریں گے ۔رابطہ کمیٹی نے پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ جس راہ کی جانب گامزن ہیں وہ مفادات اور اختیارات کو افسرشاہی تک محدود رکھ کر عوام کے بنیادی اور جمہوری حقوق پامال کرنے کی روش ہے جس کی کوئی بھی جمہوریت پسند جماعت اور ذی شعور شخص حمایت نہیں کرسکتا لہٰذا پیپلزپارٹی بلدیاتی نظام کی منظوری پر عوام کی جذبات اور احساسات کو سمجھے اور اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کو بند کردے۔