ایم کیوایم کے آئندہ دو سے ڈھائی سال کے اندر کمزور اور گروپ بندی کے شکار ہونے کا ٰ اینکر پرسن اور تجزیہ کار نجم سیٹھی کا تجزیہ
حقائق سے زیادہ ان کی دلی خواہش ہے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
نجم سیٹھی اپنے فرعونی دعوے کی تاریخ اور سال نوٹ کرلیں ، 2سال بعد انشاء اللہ ان کے دعوے کی حقیقت بھی عوام کے سامنے آجائے گی
جو لوگ خدائی علم رکھنے کے دعویدار ہیں ان کا حشر تاریخ کے صفحات میں محفوظ ہے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔19، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اینکر پرسن اور تجزیہ کار نجم سیٹھی کے اس تجزیہ کو حقائق سے زیادہ ان کی دلی خواہش قرار دیا ہے کہ ایم کیوایم آئندہ دو سے ڈھائی سال کے اندر کمزور اور گروپ بندی کا شکار ہوجائیگی ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نجم سیٹھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے پاس ایک ’’چڑیا ‘‘ ہے جو انہیں تمام تر خفیہ اطلاعات پہنچاتی ہے اور ان ہی اطلاعات کی بنیاد پر انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیوایم دو سے ڈھائی سال میں ختم ہوجائیگی ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اول تو غیب کا علم سوائے خدا کی ذات کے کسی کو نہیں ہے اور جو لوگ خدائی علم رکھنے کے دعویدار ہیں ان کا حشر تاریخ کے صفحات میں محفوظ ہے جہاں تک ایم کیوایم کے ختم ہونے کے دعویٰ کا تعلق ہے تو ایسا ہی دعویٰ 19جون 1992ء کو ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن کے آغاز میں کیا گیا تھ اور بعض لوگوں نے کھل کر یہ دعوے کئے تھے کہ ایم کیوایم اور الطاف حسین کے چیپٹرز بند ہوچکے ہیں ۔ آج عوام گواہ ہیں کہ جنہوں نے یہ بلند و بانگ فرعونی دعوے کئے تھے اللہ تعالیٰ کی ذات نے ان کے اپنے چیپٹرز بند کردیئے ۔ رابطہ کمیٹی نے نجم سیٹھی سے کہا کہ وہ اپنے فرعونی دعوے کی تاریخ اور سال نوٹ کرلیں ، 2سال بعد انشاء اللہ ان کے دعوے کی حقیقت بھی عوام کے سامنے آجائے گی اور دنیا دیکھ لے گی کہ ایم کیوایم زندہ ہے اور انشاء اللہ زندہ رہے گی ۔