Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے مسلح افواج اور حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے، الطاف حسین


پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے مسلح افواج اور حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے، الطاف حسین
 Posted on: 8/19/2013
پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے مسلح افواج اور حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے، الطاف حسین
پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں برطانوی سلطنت کے بلدیاتی نظام کا بل منظور کرکے نفرت پھیلانے کا آغاز کردیا ہے 
پیپلز پارٹی کا یہ عمل آج سے اس کے زوال کا سبب ثابت ہوگا اور آج سے پیپلزپارٹی کی حکومت کا زوال شروع ہوچکا ہے
ایم کیوایم نے اپنے قیام کے دن سے دیہی و شہری تفریق کے خاتمہ کی جدوجہد کی، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا
پیپلزپارٹی صوبہ سندھ میں سندھی اور غیرسندھی کی تفریق پیدا کرکے ’’لڑاؤ اور حکومت ‘‘ کا عمل کرنا چاہتی ہے لیکن سندھ دھرتی کے عوام اپنے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرکے پیپلز پارٹی کی آمرانہ سازشوں کو ناکام بنادیں گے
پیپلز پارٹی کے لوگ سن لیں انہوں نے سندھ میں نفرت پھیلانے کا آغاز کرکے پیپلزپارٹی کی تباہی اور بربادی کا سامان پیدا کیا ہے
پیپلزپارٹی طاقت کے ذریعہ سندھ کو تقسیم کرانا چاہتی ہے لیکن انشاء اللہ اس عمل سے پیپلزپارٹی میں تقسیم کا آغاز ہوجائے گا
الطاف حسین کے خلاف ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سازشیں شروع کردی گئی ہیں، اگر جھوٹے اور جعلی الزام میں مجھے برطانیہ میں گرفتار کیا جائے تو ہمت نہ ہارنا 
الطاف حسین، لفظ ’’حسین‘‘ کی لاج رکھے گا، میراسرکٹ تو سکتا ہے مگر یزیدی قوتوں کے آگے جھک نہیں سکتا
وفاقی حکومت، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایم کیوایم اور اس کے ووٹروں کو انصاف دلائے 
وفاقی حکومت کو ہر کڑے اور مشکل وقت میں ایم کیوایم کی جانب سے غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتے ہیں
ایم کیوایم میں احتساب کا ادارہ قائم کردیا گیا ہے جس کی سربراہی سابق سینیٹر احمد علی کریں گے
تمام رہنما، کارکنان اور منتخب نمائندے اس احتسابی ادارہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، الطاف حسین کی تاکید
حق پرست عوام 22، اگست کو ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں
کورنگی ، اورنگی ٹاؤن ، نارتھ ناظم آباد اور میرپورخاص میں انتخابی جلسوں سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے مسلح افواج اور وفاقی حکومت کو یقین دلایا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان وعوام سمیت ملک بھر کے عوام ، پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے مسلح افواج اور حکومت کا بھرپورساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں برطانوی سلطنت کے بلدیاتی نظام کا بل منظور کرکے سندھ کی دیہی اور شہری آبادیوں میں نفرت پھیلانے کاآغاز کردیا ہے، پیپلزپارٹی کا یہ عمل آج سے اس کے زوال کا سبب ثابت ہوگا۔
یہ بات انہوں نے کراچی کے علاقے کورنگی ، اورنگی ٹاؤن ، نارتھ ناظم آباد اور میرپورخاص میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں منعقدہ انتخابی جلسوں سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انتخابی جلسوں میں مختلف مذاہب، مکاتب فکراورقومیتوں سے تعلق رکھنے والے بزرگوں ، خواتین ، نوجوانوں اور بچوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر انتخابی جلسوں کے شرکاء بالخصوص خواتین کا جوش وخروش قابل دید تھا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے نامزد حق پرست امیدوار برائے این اے 254 محمدعلی راشد، امیدواروان برائے پی ایس 103 عبدالرؤف صدیقی،برائے پی ایس 95 محمد حسین اور برائے پی ایس 64 ڈاکٹرظفرکمالی کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ آج پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی میں عددی اکثریت کی بنیاد پر بلدیاتی نظام کا بل پیش کرکے اسے منظورکرالیا ہے ۔ یہ وہی طرزعمل ہے جو برٹش ایمپائر نے برصغیر پر قبضہ کرنے کے بعد کمشنر، افسرشاہی اور بیوروکریسی کے ذریعہ وہاں کی آبادی کو قابو میں رکھنے کیلئے اپنایا تھا۔آج پیپلزپارٹی نے صوبہ سندھ میں برطانوی سلطنت کے نظام کو نافذ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ صوبہ سندھ میں دیہی اورشہری تقسیم کو مزید بڑھایاجائے ، سندھ کی دیہی اور شہری آبادی کو ایک دوسرے کے مقابلے میں لاکر’’لڑاؤ اور حکومت کرو‘‘ کا آمرانہ نظام نافذ کردیا ہے جس کی ایم کیوایم بھرپورمذمت کرتی ہے اور اس آمرانہ نظام کو نامنظورکرتی ہے ۔ 
جناب الطاف حسین نے کہاکہ 1972ء میں بھی پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کے عمل کا آغازکیا تھا جس کے تحت سندھ میں دس سال کیلئے کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا۔ حالانکہ دیہی علاقے صرف صوبہ سندھ میں ہی نہیں تھے بلکہ صوبہ پنجاب ، صوبہ سرحد (کے پی کے )اور صوبہ بلوچستان میں بھی تھے مگر وہاں دیہی آبادی کی ترقی کیلئے کوٹہ سسٹم نافذ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے اپنے قیام کے دن سے دیہی وشہری تفریق کاخاتمہ کی جدوجہدکی ،مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا۔ آج بھی سندھ کے چار مقامات پر منعقدہ جلسوں میں مختلف مذاہب، مسالک اور قومیتوں کے لوگ موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی صوبہ سندھ میں سندھی اور غیرسندھی کی تفریق پیدا کرکے ’’لڑاؤ اور حکومت کرو ‘‘ کا عمل کرنا چاہتی ہے لیکن سندھ دھرتی کے عوام اپنے بھرپوراتحاد کا مظاہرہ کرکے پیپلزپارٹی کی آمرانہ سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔پیپلزپارٹی نے آج سندھ دھرتی میں نفرتوں کے نظام کا جو بل سندھ اسمبلی سے منظورکرایا ہے اورجامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے حوالہ سے گورنرسندھ کے اختیارات ختم کئے ہیں اس پر میں اللہ تعالیٰ کی ذات سے امیدرکھتے ہوئے کہتا ہوں کہ آج سے پیپلزپارٹی کی حکومت کا زوال شروع ہوچکا ہے ۔ پیپلزپارٹی کے لوگ سن لیں ! کہ ہم نے ہرکڑے اور برے وقت میں ان کا ساتھ دیا ، اس کا صلہ تم نے آج عددی اکثریت کا بہانہ بناکر سندھ میں نفرت پھیلانے کا آغاز کرکے دیا ہے جوکہ پیپلزپارٹی کی تباہی اور بربادی کا سامان ثابت ہوگا۔ پیپلزپارٹی طاقت کے ذریعہ سندھ کو تقسیم کراناچاہتی ہے لیکن انشاء اللہ اس عمل سے پیپلزپارٹی میں تقسیم کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں ، کارکنوں اورہمدردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ظالمانہ اورآمرانہ اقدامات کے خلاف پرامن احتجاج کیلئے ذہنی وجسمانی طور پر تیار ہوجائیں۔ایم کیوایم ، دنیا بھر میں حق پرستی کے فروغ کیلئے جدوجہد کررہی ہیے جس کی پاداش میں تمہارے الطاف حسین بھائی کے خلاف ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سازشیں شروع کردی گئی ہیں۔ الطاف حسین کو پاکستان میں تین مرتبہ گرفتارکرکے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر مجبورکیا گیااگرجھوٹے اور جعلی الزام میں مجھے برطانیہ میں گرفتارکیاجائے تو ہمت نہ ہارنا ، تمہارا الطاف بھائی آخری سانس تک حق پرستی کی جدوجہد کرتا رہے گا۔ الطاف حسین ، لفظ’’ حسین‘‘ کی لاج رکھے گا اور میراسرکٹ تو سکتا ہے مگریزیدی قوتوں کے آگے جھک نہیں سکتا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم نے ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام کے استحکام کیلئے محترم میاں نواز شریف کا وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے غیرمشروط ساتھ دیا حالانکہ انہیں ہمارے ووٹوں کی ضرورت نہیں تھی۔ آج سرحدوں پر خطرات منڈلارہے ہیں، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ ہم موجودہ وفاقی حکومت اور مسلح افواج کو یقین دلاتے ہیں کہ ایم کیوایم کے کارکنان وعوام ہرکڑے اور مشکل وقت میں پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے حکومت اور مسلح افواج کا ساتھ دیں گے ۔میں وزیراعظم میاں نواز شریف اور وفاقی حکومت کے تمام نمائندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ پیپلزپارٹی آج عددی اکثریت کی آڑ لیکر سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے خلاف ظالمانہ اقدام کررہی ہے ، سندھ کی نصف سے زائد آبادی ، ایم کیوایم کے ساتھ ہے لہٰذا وفاقی حکومت ، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایم کیوایم اوراس کے ووٹروں کو انصاف دلائے ، ان کے مسائل حل کرے اور ایم کیوایم کوسندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کرے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ وہ وفاقی حکومت کو ہرکڑے اور مشکل وقت میں ایم کیوایم کی جانب سے غیرمشروط تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے ایم کیوایم کے تمام عہدیداروں ، کارکنوں اور منتخب اراکین سے کہاکہ وہ پوری ایمانداری اور دیانتداری سے عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح مختلف ممالک میں سرکاری سطح پر احتساب کے ادارے قائم ہوتے ہیں ، ایم کیوایم میں بھی اسی طرز کا ادارہ قائم کردیا گیا ہے جس کی سربراہی سابق سینیٹر احمد علی کریں گے اور ان کی معاونت ایک کمیٹی کرے گی ۔ یہ ادارہ منتخب نمائندوں کی کارکردگی پر نظررکھنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی نظررکھے گا کہ حق پرست عوامی نمائندے کسی غلط طرزعمل میں ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے ایم کیوایم کے تمام رہنماؤں ، کارکنوں اور منتخب نمائندوں کو تاکید کی کہ وہ اس احتسابی ادارہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے ایم کیوایم کے نامزدامیدواروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعددن رات عوام کی خدمت کرنا،ایسا نہ ہوکہ کامیاب ہونے کے بعد عوام آپ کی شکل دیکھنے کو ترسیں، اگر ایساعمل کیا گیا تو ایم کیوایم آپ کوسیٹ دلانے کے بعد واپس بھی لے سکتی ہے ۔
جناب الطاف حسین نے حق پرست سندھیوں ، بلوچوں ، پختونوں، پنجابیوں ، کشمیریوں ، سرائیکیوں خاص کر میرپورخاص کی تمام قومیتوں سے اپیل کی کہ وہ 
22، اگست 2013ء کو ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کے انتخابی نشان ’’پتنگ‘‘ پر مہر لگائیں، حق پرست امیدواروں کواپنا ووٹ دیکر کامیاب بنائیں ، پولنگ بوتھوں اور بیلٹ بکسوں کی حفاظت کریں اور ہمت وحوصلے سے کام لیکر ثابت کردیں کہ آج سے پیپلزپارٹی کی تمام سازشوں کی ناکامیوں اور زوال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایم کیوایم کی حفاظت فرمائے اور ایم کیوایم کے خلاف اندرونی وبیرونی سازشوں کو ناکام بنائے ، ایم کیوایم کی غیب سے مددفرمائے ، ایم کیوایم کے ذمہ داران اورکارکنان کو نیک راستے پر چلنے کی توفیق دے اور انہیں احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہمت عطاکرے ۔جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب کے اختتام پر پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنی عددی اکثریت پر نہ اترائیں اور شہری علاقوں کے عوام کی جانب سے ایم کیوایم کو دیئے گئے بھاری بھرکم مینڈیٹ کا احترام کریں ۔ انہوں نے اپنے خطاب کااختتام ا س شعر پر کیا 
کیا عشق نے سمجھا ہے ، کیا حسن نے جانا ہے 
ہم خاک نشینوں کی ٹھوکر پہ زمانہ ہے 





12/26/2024 7:21:30 AM