مسلح افراد کی جانب سے حق پرست رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کی فیکٹری میں گھس کر توڑ پھوڑ،ملازمین کو یرغمال بنانے اور تشدد کرنے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
دہشت گردوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں تقسیم کرنا اور بھتہ نہ دینے پر انہیں قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کے مترادف ہے
دہشت گردوں کو جرائم کی کھلی کارروائیاں کرنے کا لائنس دے دیا گیا ہے، رابطہ کمیٹی
کراچی۔۔۔18، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح افراد کی جانب سے حق پرست رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کی فیکٹری میں گھس کر توڑ پھوڑکرنے اور فیکٹری میں موجودملازمین کو یرغمال بنانے اور تشدد کرنے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ آج شام سائٹ کے علاقے میں خواجہ سہیل منصورکی فیکٹری میں چند مسلح افراد نے گھس کرفیکٹری میں توڑ پھوڑکی اورملازمین کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور خواجہ سہیل منصورکے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں تاجروں کو بھتے کی پر چیاں تقسیم کرنا اور بھتہ نہ دینے پر انہیں قتل سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کے متراف ہے جو حکومتی ارکان کیلئے نہ صرف لمحہ فکریہ ہے بلکہ یہ کہا جائے کہ دہشت گردوں کو جرائم کی کھلی کارروائیاں کر نے کا لائنس دے دیا گیا ہے تو غلط نہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ شہرکے مختلف علاقوں سے دہشت گردوں کی جانب سے تاجروں ، صنعتکاروں،فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے نہ صرف بھتہ طلب کرنے کے وقعات بلکہ بھتہ نہ دینے پر انہیں بے دردی سے قتل کرنے کے واقعات بھی ریکارڈ پر موجود ہیں تاہم آج بھی ان واقعات میں ملوث دہشت گرد عناصر قانون کی گرفت سے دور ہیں بلکہ وہ آزادانہ طور پر شہر بھر میں بھتہ وصول کرنے دہشت گردیوں کی واردات میں بلا خوف مصروف ہیں ۔رابطہ کمیٹی صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں نوازشریف وفاقی وزیر داخلہ چوہد ری نثار، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباداور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے حق پرست رکن قومی اسمبلی خواجہ سہل منصور کی فیکٹر ی میں توڑ پھوڑ اور ملازمین کو یر غمال بنانے کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث جرائم پیشہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے۔