ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کے زیر اہتمام جوہانسبرگ میں پاکستان کے 66 ویں یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی کی شاندار تقریب کا انعقاد
تقریب میں پاکستانیوں کی فیملیز کی بڑی تعداد میں شرکت، ساؤتھ افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ضیغم الدین خان اور ڈپٹی ہائی کمشنر جبار میمن مہمان خصوصی تھے
جوہانسبرگ ۔۔۔18، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ ساؤتھ افریقہ کے زیرا ہتمام پاکستان کے 67ویں یوم آزادی کے موقع پر جوہانسبرگ میں جشن آزادی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ساؤتھ افریقہ میں مقیم پاکستانیوں کی فیملیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ جشن آزادی کی تقریب کے مہمان خصوصی ساؤتھ افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ضیغم الدین خان اور ڈپٹی ہائی کمشنر جبار میمن تھے جبکہ تقریب میں مقامی کاؤنسلر اور صحافی بھی شریک ہوئے۔ جشن آزادی کی تقریب میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور پاکستان کے بانی رہنماؤں کی تصاویر لگائی گئیں تھیں اور اسے قومی سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا تھا ۔تقریب کے شرکاء نے 67ویں یوم آزادی کے موقع پر جوہانسبرگ میں جشن آزادی کی شاندار تقریب کے انعقاد کو سراہا اورپاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے ، قیام امن اور قیام پاکستان کیلئے جانی ومالی قربانیاں دینے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔