امجد سبحان کا قتل 22، اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ رابطہ کمیٹی
سفاک قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی:۔۔1718؍ اگست 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم نارتھ کراچی سیکٹر یونٹ 133-A کے کارکن امجدسبحان کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو 22اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلاکر عوام کو گھروں میں محصور کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک مذموم سازش کے تحت مسلسل ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اور ہمدردوں کودہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ قانون نافذکرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے شہید کے سواگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی اظہارکا کرتے انہیں صبر کی تلقین اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری ،وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم نارتھ کراچی سیکٹر کے کارکن امجد سبحان کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیں اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے آئین و قانون کے مطابق سخت سے سخت سے سزادی جائے ۔
دریں اثناء امجد سبحان شہید کو عزیز آباد کے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نماز جنازہ جامعہ مسجد محمدی الیون سی نارتھ کراچی میں ادا کی گئی ۔ نما زجنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، نارتھ کراچی سیکٹر کمیٹی کے ارکان ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے شرکت کی ۔