کوئی بھی سازش اور منفی پروپیگنڈہ عوام کو قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم سے ہرگز بدظن نہیں کرسکتا، رؤف صدیقی
جناب الطاف حسین ملک کی نازک صورتحال میں پاکستان کو بچانے کی عملی جدوجہد اور حق و سچ پر مشتمل زمینی حقائق بیان کررہے ہیں
پی ایس 103 کی نشست پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگوں سے خطاب
رؤف صدیقی نے گھر گھر رابطہ کیا اور مختلف علاقوں میں انتخابی دفاتروں کے افتتاح بھی کئے
کراچی ۔۔۔18، اگست2013ء
22اگست کو پی ایس 103کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد حق پرست امیدوار رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ نازک ترین حالات میں قائد تحریک جناب الطاف حسین واحد رہنما ہیں جو پاکستان کو بچانے کی عملی جدوجہد کررہے ہیں اورعوام کو گمراہ کن صورتحال اور پروپیگنڈے سے نکال کر زمینی حقائق کے مطابق سچ اور حق بیان کررہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایس 103کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں نور مسجد مکہ ہوٹل ، چاندنی چوک عمر مسجد ، بڑا میدان چاندنی چوک ، پہاڑ گنج اشرف کمپاؤنڈ بلاک E، کھنڈو گوٹھ بلاک Bاور آغا جوس نزد ڈوینزل ریسٹورنٹ بلاک Hمیں منعقد کی گئی بڑی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حق پرست ارکان قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین اور ریحان ہاشمی بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل رؤف صدیقی نے مختلف علاقوں میں انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا جبکہ نارتھ ناظم آباد کے بلاک B، TNTفلیٹس اور بلاک Fمیں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں لوگوں سے گھر گھر رابطہ کیا اور ان سے ضمنی الیکشن میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا نظم و ضبط جناب الطاف حسین کی دانشورانہ اور مدبرانہ سوچ کی عکاسی ہے ، ایم کیوایم کے اولین دور سے لے کر آج تک اس کے خلاف مسلسل منفی پروپیگنڈہ جاری ہے لیکن ہر قسم کی تہمتوں کے باوجود ایم کیوایم کے کارکنان نہ صرف ثابت قدم ہیں بلکہ ہر قسم کی سازشوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ رؤف صدیقی نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام کی تبدیلی کیلئے ضمنی الیکشن میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کے نامزد کردہ امیدواروں کو بھاری اکثریت سے اپنا قیمتی ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور پتنگ کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر ثابت کردیں کہ کوئی بھی سازش اور منفی پروپیگنڈہ عوام کو قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم سے ہرگز بدظن نہیں کرسکتا۔