مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی بلدیہ ٹاؤن یو سی 2 کے یونٹ انچارج نذیر حسین لغاری کے بہیمانہ قتل پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
نذیر حسین لغاری کے سفاکانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔17، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی بلدیہ ٹاؤن یوسی 2کے یونٹ انچارج نذیر حسین لغاری کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بہیمانہ قتل کی اس واردات کو شہر کا امن غارت کرنے کی سازش کا تسلسل قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں ایم کیوایم کے کارکنوں کو جس تسلسل اور بیدردی سے فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کیاجارہا ہے اس سے کوئی بھی ذی شعور یہ انکار نہیں کرسکتا کہ یہ قتل و غارتگری ایم کیوایم کے خلاف منظم منصوبہ اور سازش ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے نذیر حسین لغاری شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ رابطہ کمیٹی وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی بلدیہ ٹاؤن یوسی 2کے یونٹ انچارج نذیر حسین لغاری کے بہیمانہ قتل میں ملوث مسلح دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے ۔