کے ای ایس سی کی جانب سے کراچی کے تمام رہائشی، تجارتی اور صنعتی علاقوں میں اعلانیہ طور پر 10 سے 13 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کے ای ایس سی حکومتی اداروں پر واجب الادا اپنے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے قانونی راستہ اختیار کرے اور بقایاجات کی وصولی کیلئے شہریوں پر لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کرکے ظلم و ناانصافی نہ کرے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
کے ای ایس سی غیر قانونی اور بلاجواز 10 سے 13 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان فی الفور واپس لے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔17، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے ای ایس سی ) کی جانب سے حکومتی اداروں پر واجب الادا بقایا جات کی عدم ادائیگی پر شہر کے تمام رہائشی ، تجارتی اور صنعتی علاقوں میں 10سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے اعلان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کے شہری پہلے ہی نہ صرف مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں بلکہ انہیں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا بھی سامنا ہے جبکہ شہری باقاعدگی سے بجلی کے بلوں کی مد میں ٹیکس کی ادائیگی بھی کررہے ہیں لیکن ان حقائق کے باوجود کے ای ایس سی کی جانب سے 10سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان سراسر شہریوں پر ظلم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حکومتی اداروں پر واجب الادابقایا جات کی عدم ادائیگی کی آڑ میں کراچی کے تمام رہائشی ، تجارتی اور صنعتی علاقوں میں اعلانیہ طور پر 10سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے اور شہریوں کی مشکلات اور پریشانیوں میں بلاجواز اضافہ کرنے کے مترادف ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کے ای ایس سی کو چاہئے کہ وہ حکومتی اداروں پر واجب الادا اپنے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے قانونی راستہ اختیار کرے ، بقایاجات کی وصولی کیلئے شہریوں پر لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کرکے ظلم و ناانصافی نہ کرے اور بقایا جات کی عدم ادائیگی پر شہریوں پر غیر قانونی اور بلاجواز 10سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان فی الفور واپس لے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کے ای ایس سی کی جانب سے حکومتی اداروں پر واجب الادا بقایا جات کی عدم ادائیگی کو جواز بنا کر شہریوں پر10سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کرنے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورشہر میں 10سے 13گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے اعلان کی واپسی کیلئے فی الفور مداخلت کریں اور اس سلسلے میں مثبت اپنا کردار ادا کریں ۔