مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم رنچھوڑ لائن سیکٹر کے کارکن طلحہ سلیم اور کھارادر پنجابی کلب کے باہر ایم کیوایم کے ہمدرد کے بہیمانہ قتل اور چار افرد کے زخمی ہونے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ، طلحہ سلیم اور ہمدرد دلشاد کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیں۔ رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
ایم کیوایم رنچھوڑ لائن سیکٹر کے کارکن طلحہ سلیم کو بعد نماز جمعہ شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا
نماز جنازہ و تدفین میں حق پرست ارکان سندھ اسمبلی محمد دلاور، محمد کامران، کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین و دیگر نے شرکت کی
کراچی: ۔۔۔15؍اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم رنچھوڑلائن سیکٹر کے کارکن طلحہ سلیم اور کھارادر پنجابی کلب کے باہر ایم کیوایم کے ہمدرد دلشاد کے بہیمانہ قتل اور چارافرد کے زخمی ہونے پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو شہر کا امن خراب کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے شہداء کے تمام سو گوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کارکن طلحہ سلیم اورہمدرددلشاد کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیں اوراس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے۔ انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کے جلد و مکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔
دریں اثناء ایم کیوایم رنچھوڑ لائن سیکٹر یونٹ 30کے کارکن طلحہ ولد سلیم الدین کو بعد نماز جمعہ عزیز آباد کے شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نماز جنازہ رنچھوڑلائن میں واقع جامعہ مسجد مجاہد میں ادا کی گئی ۔ نما زجنازہ اور تدفین میں حق پرست ارکان سندھ اسمبلی محمد دلاور ، محمد کامران ، ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، رنچھوڑ لائن سیکٹر ویونٹس کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم رنچھوڑ لائن سیکٹر یونٹ 30کے کارکن کارکن طلحہ سلیم گزشتہ روز مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے ۔