متحدہ قومی موومنٹ نے اے آر وائی کے اینکر مبشر لقمان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کردیا
پٹیشن اور ہرجانے کا دعویٰ مبشر لقمان کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ میں جناب الطاف حسین کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی ہرزہ سرائی پر کیا گیا
مبشر لقمان کو جناب الطاف حسین کی کردار کشی اور ایم کیوایم کے خلاف ہرزہ سرائی پر معافی مانگنی چاہئے، ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی ۔۔۔16، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ نے اے آر وائی کے اینکر مبشر لقمان کے خلاف جمعہ کے روز سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی اور 10ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا۔ پٹیشن اور 10ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انجینئر ناصر جمال اور قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کیا ۔ ایم کیوایم نے مبشر لقمان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ مورخہ27، جون ، 30جون ،2جولائی اور 4جولائی کے پروگرام ’’کھرا سچ ‘‘ میں بانی و قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی ہرزہ سرائی پر کیا۔ ہرجانے کے دعویٰ کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مبشر لقمان نے اپنے پروگرام میں جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم پر سراسر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بے بنیاد الزامات اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی کردار کشی کرنے اور ایم کیوایم کے خلاف ہرزہ سرائی پر مبشر لقمان کو معافی مانگی چاہئے ۔