ایکسپریس نیوز کے دفتر پر مسلح شرپسندوں کی فائرنگ پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلح شرپسند عناصر صحافت کے معزز پیشے سے وابستہ افراد کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں، رابطہ کمیٹی
ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ کی تحقیقات کرائی جائے اور ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔16، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں ایکسپریس نیوز کے دفتر پر مسلح شرپسندوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر کھلا حملہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ کی مذموم کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلح شرپسند عناصر صحافت کے معزز پیشے سے وابستہ افراد کوخوفزدہ کرنا چاہتے ہیں اور حق و سچ کہنے سے روکنا چاہتے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں اور آزاد صحافت پر بھی حملہ آور ہورہے ہیں تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ مسلح دہشت گرد عناصر کے خلاف کاروائی نہیں کی جارہی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی میں مزید انتظار کی پالیسی پر عمل کیاجارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر مسلح شرپسندوں کی فائرنگ کی تحقیقات کرائی جائے اور اس میں ملوث شرپسندعناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔